• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 2851

    عنوان:

    حیا ت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں اہل سنت کا عقید ہ کیاہے؟ کیا احمد رضا خان کا یہ کہناہے درست ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے روضہ اقدس میں اس دنیا کی طرح باحیات ہیں؟

    سوال:

    حیا ت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں اہل سنت کا عقید ہ کیاہے؟ کیا احمد رضا خان کا یہ کہناہے درست ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے روضہ اقدس میں اس دنیا کی طرح باحیات ہیں؟

    جواب نمبر: 2851

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 184/ د= 156/ د

     

    حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور دیگر انبیائے کرام علیہم الصلاة والسلام قبروں میں زندہ ہیں جیسا کہ احادیث سے ثابت ہے عن أنس -رضي اللہ عنہ- أن النبي صلی اللہ علیہ وسلم قال الأنبیاء أحیاء في قبورھم یصلون علامہ سیوطی رحمہ اللہ نے استاد ابومنصور کے حوالہ سے لکھا ہے کہ متکلمین محققین اس بات کے قائل ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وفات کے بعد زندہ ہیں اپنی امت کی طاعات و نیکیوں سے خوش ہوتے ہیں اور برائیوں سے رنج محسوس کرتے ہیں الخ (الحاوی للفتاویٰ، ج۲ ص۱۴۹) قاضی عیاض رحمہ اللہ کتاب شفاء کی شرح میں شہاب خفاجی نے لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کے جسم اطہر کو زمین کے لیے حرام کردیا ہے، اور قبر شریف میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو حیات عطا فرمائی ہے دیگر انبیائے کرام کی طرح۔ اور حاکم ابوداوٴد نے اوس بن اوس سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے زمین پر حرام کردیا ہے کہ انبیائے کرام کے جسم اطہر کو کسی قسم کا نقصان پہنچائے (کھائے) تفسیر مظہری، امداد الفتاویٰ، ج۱ ص۷۶۱ وغیرہ میں یہ رواتیں موجود ہیں۔ احمد رضا خاں صاحب نے کیا بات لکھی ہے؟ اور کہاں لکھی ہے؟ مذکورہ تفصیل کو پیش نظر رکھتے ہوئے جو جز محل اشکال ہو اس کی حوالہ کے ساتھ نشاندہی کرکے دوبارہ دریافت کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند