• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 2350

    عنوان:

    کیا اللہ کے نیک بندے مدد کرسکتے ہیں؟ 

    سوال:

    میں نے دیوبندی اور بریلوی اختلافات جاننے کے لیے کافی پڑھا ہے، سب سے پہلے میں آ پ سے اس بات کی وضاحت چاہوں گا کہ کیا اللہ کے نیک بندے مدد کرسکتے ہیں؟ کیونکہ جب میں نے بریلوی حضرات کی کتابیں پڑھی تو ان میں بہت زبردست دلائل لکھی ہوئی تھیں، سب سے پہلے تو یہ دلیل دیکھیں، سورہ جمعہ آیت ۱۱/ میں ہے جس کا ترجمہ ہے: یہ اس لیے کہ مسلمانوں کا مددگار اللہ ہے۔ اور سورہ تحریم آیت ۴/ میں ہے کہ: بیشک اللہ ان کا مدد گار ہے اور جبرئیل اور نیک مومنین (ولی)۔ جب اللہ کے نیک لوگوں سے مدد طلب کرنا قرآن وحدیث سے ثابت ہے تو پھر دیو بندی حضرات اسے شرک سے تشبیہ کیوں دیتے ہیں؟ آپ جواب دیتے جائیں، میں بریلوی حضرات کے دلائل دوں گا، اگر آپ مجھے مطمئن کردیتے ہیں تو میں دیوبندی حضرات کا ساتھ دوں گا، اور اگر نہیں کرسکے تو میں بریلوی حضرات کے ساتھ رہوں گا۔ اگر وہ واقعی مشرک ہیں تو مجھے ان سے بچالیجئے اور مطمئن کردیجئے۔

    جواب نمبر: 2350

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1571/ ب= 1391/ ب

     

    اللہ کے نیک بندے مدد کرسکتے ہیں؟ سے آپ کی کیا مراد ہے، حالتِ حیات میں یا مرنے کے بعد؟ سورہٴ جمعہ کی ۱۱ویں آیت میں یہ مضمون ہمیں نہیں ملا۔ ”یہ اس لیے کہ مسلمانوں کا مددگار اللہ ہے“ آپ نے قرآن دیکھے پڑھے بغیر لکھ دیا۔ اسی طرح سورہٴ تحریم میں اللہ تعالیٰ نے ازواجِ مطہرات کو خطاب فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا وَاِنْ تَظَاھَرَا عَلَیْہِ فَاِنَّ اللّٰہَ ھُوَ مَوْلاَہُ وَجِبْرِیْلُ وَصَالِحُ الْمُوٴْمِنِیْنَ وَ الْمَلٰئِکَةُ بَعْدَ ذٰلِکَ ظَھِیْر یعنی اگر تم کارروائی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف کرتی رہی تو یاد رکھو کہ پیغمبر کا رفیق اللہ ہے اور جبریل ہیں اور نیک مسلمان ہیں اور ان کے علاوہ فرشتے بھی حضور کے مددگار ہیں۔ جو مفہوم لے کر آپ سوال کرنا چاہتے ہیں وہ ان دونوں آیتوں میں نہیں ہے۔ آپ پہلے کسی مستند عالم کے پاس بیٹھ کر سال دوسال کچھ قرآن و حدیث کی باتیں، احکام و مسائل سیکھ لیں، اس کے بعد وہیں کے معتبر علماء سے یہ سب باتیں معلوم کرلیا کریں۔ سنی سنائی اور ہوائی باتوں پر دھیان نہ دیں۔ دینیات میں آپ کا مطالعہ صفر کے درجہ میں ہے۔ جب صحیح علم سیکھیں گے تو اس کی روشنی میں آپ حق و باطل کے درمیان خود ہی تمیز کرنے لگیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند