• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 2223

    عنوان:

    براہ کرم، بتائیں کہ امام مہدی کے ظہورکی علامات کیا ہیں؟ کیا ان کی پیدائش کے بارے میں آپ کوکوئی علم ہے؟ میں نے سنا ہے کہ ان کی پیدائش دو یا تین سال قبل ہو چکی ہے، کیا یہ صحیح ہے؟

    سوال:

    براہ کرم، بتائیں کہ امام مہدی کے ظہورکی علامات کیا ہیں؟ کیا ان کی پیدائش کے بارے میں آپ کوکوئی علم ہے؟ میں نے سنا ہے کہ ان کی پیدائش دو یا تین سال قبل ہو چکی ہے، کیا یہ صحیح ہے؟

    جواب نمبر: 2223

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 921/ د= 885/ د

     

    امام مہدی کے ظہور کو قرب قیامت کی علامات میں سے بیان کیا گیا ہے، امام مہدی کے نام، نسب، ظہور کا زمانہ اور خصوصی علامات احادیث متواترہ سے ثابت ہیں، ان کے ظہور کا وقت حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول من السماء کے زمانہ سے کچھ پہلے ہوگا، ان کا نام محمد بن عبد اللہ اور ان کی والدہ کا نام آمنہ ہوگا، مدینہ منورہ میں پیدا ہوں گے پھر مکہ تشریف لائیں گے تو لوگ ان کو پہچان کر مقام ابراہیم اور حجر اسود کے درمیان بیعت کریں گے اور اپنا بادشاہ بنائیں گے۔ اس وقت غیب سے یہ آواز آئے گی: ھذا خلیفة اللہ المھدي فاسمعوا لہ وأطیعوا امام مہدی خلیفہ ہونے کے بعد روئے زمین کو عمل اور انصاف سے بھردیں گے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام انھیں کے زمانہ میں نزول فرمائیں گے اور دجال کو قتل کریں گے۔ حدیث میں آیا ہے کہ اصحاب کہف حضرت مہدی کے مددگار ہوں گے۔

    امام مہدی ملک شام جاکر دجال کے لشکر سے جہاد و قتال کریں گے اس وقت دجال کے ساتھ ستر ہزار یہودیوں کا لشکر ہوگا۔ یہ سب علامات اوراس کے علاوہ اور بھی علامات احادیث متواترہ سے ثابت ہیں۔ امام مہدی کا ظہور کوئی ڈھکے چھپے انداز پر نہیں ہوگا بلکہ برملا ان کا شہرہ ہوگا اور احادیث میں بتلائی ہوئی علامات ان پر من وعن صادق آئیں گے کہ کسی قسم کا خفا باقی نہیں رہے گا، ایسی علامات والا شخص پیدا ہوگیا؟ میرے علم میں نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند