• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 175534

    عنوان: شیخ عبد القادر جیلانی رح كا مردے كو زندہ كرنے كی بات درست ہے؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس بارے میں کہ اولیاء اللہ مردوں کو زندہ کر سکتے ہیں؟جیسا کہ شیخ عبد القادر جیلانی رح کے بارے میں مشہور ہے مثال کے طور پر ایک واقعہ تاجو بہن بھائی مراد کے نام سے مشہور ہے جو یو ٹیوب پر قوالی کی شکل میں موجود ہے کیا اس واقعہ کی کوئی حقیقت ہے؟ اور کچھ مسلمان اس بات کا اعتقاد بھی رکھنے لگے کہ ان میں یہ صلاحیت تھی، لہذا ، ایسے لوگوں کو کیا نصیحت ہے؟ جواب مفصل و مدلل مرحمت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 175534

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 406-363/M=04/1441

    مُردوں کو زندہ کرنا یہ خدائی صفت ہے، یہ قدرت صرف اللہ تعالی کی ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے بطور معجزہ یہ قوت عطا کی تھی، بذات خود اُن کو یہ قدرت حاصل نہیں تھی، اسی طرح کسی ولی یا بزرگ کی دعا سے کرامةً کوئی مردہ ، زندہ ہو جائے تو یہ بھی ممکن ہے کیوں کہ اولیاء اللہ کے کرامات بھی برحق ہیں لیکن اِس سے یہ سمجھنا کہ اُن کے اندر اس کی ذاتی صلاحیت ہے یہ غلط ہے، بذات خود کسی ولی یا پیر کو یہ قدرت نہیں کہ وہ مردہ کو زندہ کرسکے۔ اگر کوئی یہ عقیدہ رکھتا ہے کہ شیخ عبد القادر جیلانی رحمہ اللہ کے اندر مُردوں کو زندہ کرنے کی صلاحیت تھی تو ایسا عقیدہ رکھنا غلط ہے، مسلمانوں کو شرکیہ عقائد سے دور رہنا چاہئے اور جس واقعہ کی طرف تمثیلاً آپ نے اشارہ کیا ہے اس کی حقیقت سے ہم واقف نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند