• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 165477

    عنوان: كیا قرآن پڑھ کر یا مدرسہ کے بچوں سے پڑھوا کر مرحوم كو ایصال ثواب كرسكتے ہیں؟

    سوال: (۱) کیا حنفی دیوبندی مسلک میں مرحوم کو ایصال ثواب کی نیت سے قرآن پڑھ کر یا مدرسہ کے بچوں سے پڑھوا کر بخشا جاسکتا ہے؟ (۲) مرحوم کی دس دن کی چھوٹی ہوئی نمازوں کے لئے کیا کرسکتے ہیں؟ فدیہ، صدقہ یا کفارہ؟

    جواب نمبر: 165477

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:98-66/L=2/1440

    قرآن شریف کی تلاوت کرکے اس کا ثواب مردے کو پہونچایا جاسکتا ہے،جمہور علمائے سلف وخلف کا مسلک یہی ہے۔ اختلف في وصول ثواب القراء ة للمیت جمہور السلف والأئمة الثلاثة علی الوصول، وخالف في ذلک إمامنا الشافعي رحمہ اللہ (شرح الصدور لابن القیم: ۱/۳۰۲، دار المعرفة بیروت)؛البتہ مرحوم کے اعزاء اقرباء کو اپنے اپنے طور پرقرآن پڑھ کر اس کا ثواب پہونچاناچاہیے،اس کے لیے لوگوں کو جمع کرنا ان کے کھانے وغیرہ کا نظم کرنا وغیرہ مکروہ ہے۔

    (۲) مرحوم نے اگر نماز کے تعلق سے کوئی وصیت نہیں کی ہے تو ورثاء پر چھوٹی ہوئی نمازوں کا فدیہ ادا کرنا ضروری نہیں،تاہم اگر تمام ورثاء بالغ ہوں اور وہ ترکہ سے فدیہ ادا کرنا چاہیں یا کوئی وارث ازخود فدیہ ادا کردے تو امید ہے کہ مرحوم کا ذمہ فارغ ہوجائے ،واضح رہے کہ ایک نماز کا فدیہ ایک کلو چھ سوتیتیس گرام(۱/۶۳۳گرام)گندم یا اس کی قیمت ہے اور یہ فدیہ فرض اور واجب نمازوں کی طرف سے ہوگا ،اس لحاظ سے ایک دن کی چھ نمازیں ہوں گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند