• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 163299

    عنوان: وساوس شیطانی سے حفاظت كے لیے دعا

    سوال: حضرت میرے ذھن میں بڑا عجیب خیال آیا وہ یہ کہ ہماری کائنات کا رب اللہ ہے ، اس کائنات کے علاوہ اور بھی کائنات ہوں گی؟ان کا رب کون ہو گا؟ میں نے پھر سوچا ہماری کائنات کے علاوہ اور کائنات ہے یا نہی یہ بات اللہ کو پتا، باقی کائنات ایک ہو یا ہزاروں سب کا مالک صرف اور صرف ایک اللہ ہی کی ذات ہے وہ اکیلا ہے اور واحد ہے کوئی اور ذات نہی اس اکیلے کی ذات کے علاوہ کیا میں نے ٹھیک جواب دیا جیسے دینے کا حق ہے ؟

    جواب نمبر: 163299

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1314-1135/D=11/1439

    آپ نے شروع میں جو بات سوچی ، غلط تھی یہ وساوس شیطانی کے قبیل سے ہے ایسی باتیں نہیں سوچنا چاہیے جب ایسے خیالات آئیں تو لاحول ولا قوة الا باللہ اور لا الہ الا اللہ آمنت باللہ ورسولہ پڑھ لیں۔

    آپ نے جو باتیں بطور جواب اخیر میں کہیں وہ درست اور صحیح ہیں۔

    الحمد للہ رب العالمین تمام تعریف اس اللہ کے لیے جو مربی ہیں ہرہر عالم کے۔ جیسا یہ ایک عالم جس میں ہم بستے ہیں اور اس کے نظام شمسی وقمری اور برق وباراں اور زمین کی لاکھوں مخلوقات کا ہم مشاہدہ کرتے ہیں یہ سارا ایک ہی عالم ہوا اور اس جیسے اور ہزاروں لاکھوں دوسرے عالم ہوں جو اس عالم کی باہر کی خلا میں موجود ہوں۔

    حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ عالم چالیس ہزار ہیں یہ دنیا مشرق سے مغرب تک ایک عالم ہے باقی اس کے سوا ہیں۔ ان سارے عالموں کے مالک خالق رب صرف اللہ رب العزت ہیں اسی لیے اس کی صفت رب العالمین ہے، تفصیل کے لیے معارف القرآن میں الحمد للہ رب العالمین کی تفسیر کا مطالعہ کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند