• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 158588

    عنوان: حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا نزول من السماء کس حیثیت سے ہوگا؟

    سوال: حضرت مفتی صاحب! حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) جب اس دنیا میں پھر آئیں گے تو کیا وہ نبی بن کر آئیں گے؟ کیونکہ ہم لوگ جانتے ہیں کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) آخری نبی اور رسول ہیں اور آپ کے بعد کوئی نیا نبی اور رسول اس دینا میں نہیں آئے گا۔

    جواب نمبر: 158588

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 635-614/H=5/1439

    سیدنا حضرت عیسیٰ علیہ الصلاة والسلام قیامت کے قریب آسمان سے نزول فرمائیں گے تو نبی بن کر تشریف نہیں لائیں گے، نبوت کے منصب جلیل سے تو بہت عرصہ قبل آسمان پر تشریف لے جانے سے پہلے سرفراز ہوچکے تھے، حضرت سید الاولین والآخرین احمد مجتبیٰ محمد مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی بعثت مبارکہ کے بعد سے قیامت تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت وبعثت کا زمانہ ہے چونکہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم خاتم النّبیین ہیں اسی لیے قربِ قیامت میں سیدنا حضرت عیسیٰ علیہ السلام آسمان سے امت محمدیہ کے ایک فرد اور حضرت نبی آخر الزماں صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے معاون وخلیفہ کی حیثیت سے تشریف لاکر اہم خدمات انجام دیں گے جن میں یہود ونصاری کی اصلاح اور یہودیت ونصرانیت کے آثار وعلامات سے روئے زمین کو پاک صاف کرنا بھی ہے ”التصریح بما تواتر فی نزول المسیح“ میں بحوالہٴ کتب احادیث مبارکہ پوری تفصیل مذکور ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند