• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 154594

    عنوان: ہم کو جس نے بنایا یعنی اللہ نے تو اللہ کو کس نے بنایا

    سوال: حضرت مفتی صاحب! میرے ایک دوست کا سوال ہے کہ ہم کو جس نے بنایا یعنی اللہ نے تو اللہ کو کس نے بنایا؟ براہ کرم تشفی بخش جواب دیں، کرم ہوگا۔

    جواب نمبر: 154594

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1416-1387/SN=1/1439

    اللہ تبارک وتعالی کا وجود ذاتی ہے، اس کو کسی نے نہیں بنایا جیسے ایک (۱) کے آگے کچھ نہیں ہے اسی طرح اللہ تعالی سے پہلے کوئی نہیں ہے۔ آپ کے سوال کا جواب تو ہوگیا؛ البتہ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایک مسلمان کو چاہئے کہ ان چیزوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھے جنہیں کرنے کا اسے حکم دیا گیا، اللہ تعالی کی ”ذات“ کی حقیقت کا دنیا کی ان آنکھوں او رقلوب کے ذریعے ادراک نہیں کیا جاسکتا، مخلوقات پر ”خالق“ کو قیاس کرنا درست نہیں ہے، یہ قیاس مع الفارق ہے؛ اس لیے اس طرح کی چیزوں میں دماغ نہیں لگانا چاہئے، بس اجمالی ایمان پر اکتفاء کرنا چاہئے کہ ”اللہ تعالی“ کی ذات موجود ہے، اسی نے سارے جہاں کو پیدا کیا، اس کو کسی نے پیدا نہیں کیا، ایک حدیث میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ آدمی کے پاس شیطان آکر کہتا ہے کہ آسمانوں کو کس نے پیدا کیا تو وہ جواب دیتا ہے کہ ”اللہ“ نے، پھر پوچھتا ہے کہ زمین کو کس نے پیدا کیا تو وہ جواب دیتا ہے اللہ نے، یہاں تک کہ وہ (شیطان) یہ بھی سوال کر ڈالتا ہے کہ ”اللہ“ کو کس نے پیدا کیا؟ بس اگر تم میں سے کسی کے دل میں اس طرح کا سوال آئے تو فوراً کہے آمنت باللہ ورسولہ یعنی میں اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاتا ہوں (مسند احمد، رقم: ۳۱۸۶۷) حاصل یہ ہے کہ اس طرح کے سوالات درحقیقت شیطانی وسوسے ہیں، ان کی طرف توجہ نہیں دینی چاہئے جب بھی ایسا خیال آئے فوراً ”آمنت باللہ ورسولہ“ پڑھ لے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند