• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 151480

    عنوان: کیا شیطان کو علم غیب ہوتا ہے؟

    سوال: حضرت! میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ کیا شیطان کو علم غیب ہوتا ہے؟ اور اس کے پاس کتنی قوت ہوتی ہے کہ ایک ہی وقت میں پوری دنیا میں گھوم پھر سکتا ہے؟ اور کیا اس کے پاس ہر کسی کے مَن کی بات پڑھنے کااور لوگوں کے دلوں کا حال بھی وہ جانتا ہے،کیوں؟ اور کیاواقعی اس میں اتنی طاقت ہے؟

    جواب نمبر: 151480

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1266-1205/L=9/1438

    یہ بات تو صحیح اور درست ہے کہ اللہ رب العزت نے شیطان کو انسان سے زیادہ طاقت دے رکھی ہے وہ انسانوں کے بدن میں خون کی طرح دوڑ سکتا ہے ،بہت کم عرصے میں طویل سفر کو طے کرسکتاہے؛مگر غیب کا علم اللہ نے شیطان کو نہیں دیا ہے ،سورہ” سبا“ میں اللہ رب العزت نے خود جنوں اور بعض جاہل لوگوں کے اس نظریے کی تردید فرمائی ہے کہ شیطان کو غیب کا علم ہے؛اس لیے شیطان کو غیب کا جاننے والا،رازداں تصور کرنا غلط ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند