• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 148807

    عنوان: كسی عورت كی طرف سے کس طرح عمرہ کیا جائے ؟

    سوال: میں انڈیا کا رہنے والا ہوں اور میں فی الحال سعودی عرب میں کام کرتا ہوں، میں نے عمرہ کرلیا ہے، اب آنے والی عید کو میں اپنی امی کے نام کا عمرہ کرنا چاہتا ہوں، تو کیا میں کرسکتا ہوں یا نہیں؟ یا اگر کرسکتا ہوں تو یہ بتلائیں کہ اس کے لیے کیا ضروری ہے؟ مثلاً وہ عورت ہے تو اس کے لیے کس طرح عمرہ کیا جائے ؟کیا سنتیں ہیں؟ اور کیا ارکان ہیں ؟اور سر کے بال کٹوائے جاتے ہیں، میں نے اپنے عمرہ پر تو کٹوایالیا تھا لیکن یہ امی صاحبہ کے لیے ہے، اور ان کا ابھی تک عمرہ نہیں ہوا ہے۔ براہ کرم بالتفصیل بتائیں۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 148807

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 420-342/D=5/1438

    عمرہ کرنا سنت ہے آپ اپنا عمرہ کرچکے اب اگر والدین کی طرف سے عمرہ کرنا چاہتے ہیں تو اسی طریقے پر کرنا ہوگا جیسا کہ آپ نے اپنا کیا ہے، بس نیت کے وقت یہ کہیں گے کہ میں والدہ کی طرف سے عمرہ کرنے کی نیت کرتا ہوں اے اللہ آپ اسے قبول فرمائیے اورمیرے لیے آسان کردیجیے۔

    باقی ارکان یعنی میقات سے احرام میں دو چادریں پہننا اور حرم میں طواف وسعی کرنا پھر اخیر میں سر کا حلق کرانا یہ سب کام آپ اس طرح کریں گے جس طرح اپنے عمرہ میں کیا تھا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند