• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 145279

    عنوان: جنت میں جانے کے لیے کونسا امام درست ہے؟

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ جنت میں جانے کے لیے کونسا امام درست ہے؟ کسی نے کہا کہ جو اچھا ہے اسے کرو اور جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا ، تو صحیح راستے کے لیے کہاں جاؤں؟ اہل حدیث ، بریلوی ، دیوبندی یا کسی اور کے پاس جاؤں؟کس کا انتخاب کروں؟# براہ کرم، اس بارے میں معتبر ذرائع کے حوالے سے رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 145279

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 003-105/SN=2/1438

    ”صحیح راستہ (راہِ نجات) تو یہ ہے کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اصحاب خصوصاً خلفائے راشدین کے طریقے اور سنت کی پیروی کی جائے جیسا کہ ارشاد نبوی ہے: وتفترق أمتي علی ثلاث وسبعین ملّة کلہم فی النار إلا ملة واحدة، قالوا: ومَنْ ہي یا رسول اللہ! قال: ما أنا علیہ وأصحابي (ترمذی، رقم: ۲۶۴۱) ترجمہ: میری امت تہتر فرقوں میں منقسم ہو جائے گی اور بہ جز ایک فرقے کے سب فرقے جہنم میں جائیں گے، صحابہ نے عرض کیا یارسول اللہ! وہ ایک فرقہ کون ہے؟ ارشاد فرمایا کہ جس طریقے پر میں ہوں اور میرے اصحاب ہیں۔ اور جو لوگ اس طریقے پر عمل کرتے ہیں انہی لوگوں کو اہل السنة والجماعت“ کہا جاتا ہے۔ اگر بہ نظر انصاف دیکھا جائے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ دیوبند کی طرف منسوب لوگ اس طریقے پر اعتدال کے ساتھ عمل کرنے والے ہیں، یہ لوگ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی کامل اتباع کے ساتھ ساتھ صحابہٴ کرام کو بھی ان کا مقام دیتے ہیں، نیز دین میں غلو اور تحریفات سے اجتناب کرتے ہیں۔ اس لیے آپ اپنے علاقے کے کسی معتبر دیوبندی عالم سے رابطہ قائم کرکے ان کے مشورے سے قرآن و حدیث کے احکام پر عمل کریں، ان شاء اللہ کامیاب رہیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند