• معاملات >> سود و انشورنس

    سوال نمبر: 35938

    عنوان: قسطوں میں گاڑی خریدنا

    سوال: ایک محترمہ نے مجھ سے سوال کیا ہے کہ وہ اکیلی رہتی ہیں ان کے دو چھوٹے بچے ہیں وہ اپنی کمائی سے ان کی پرورش کر رہی ہیں اور اب ان کو ایک ٹو ویلر) بائک(کی سخت ضرورت ہے کیونکہ گھر کی اور باہر کے سارے کام خود ہی سنبھالتی ہوں لیکن قسطوں میں گاڑی خریدنے کے لئے سود دینا پڑیگا، کیا یہ جایز ہے؟ وہ کیش میں گاڑی خرید نہیں سکتی۔براہ کرم، اس بارے میں رہنمائی فرما ئیں۔

    جواب نمبر: 35938

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ل): 71=28-1/1433 اگر قسطوں میں گاڑی خریدنے کی صورت میں سود دینا پڑے تو اس طرح گاڑی خریدنا ناجائز ہوگا، البتہ اگر گاڑی خریدتے وقت اس طرح معاملہ کرلیا جائے کہ جس سے گاڑی خریدنی ہے اس سے خریدتے وقت ہی اصل قیمت مع سود کے معاملہ کرلیا جائے یعنی اگر گاڑی کی کیش قیمت 45/ ہزار ہے اور قسطوں پر 50 تو خریدتے وقت وہی معاملہ کرلیا جائے کہ میں قسطوں پر لوں گا اور 50 ہزار میں لوں گا اور خریدنے والا بطور قسط رقم ادا کردے اور اگر بینک کے توسط سے خریدنا ہو تو بینک سے اس طرح معاملہ کیا جائے کہ اولاً بینک وہ گاڑی خریدلے اور اس کو جس قدر سود لینا ہو اس کو اصل قیمت میں شامل کرکے فروخت کردے اورخریدنے والا قسط کی شکل میں یہ رقم ادا کردے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند