• معاملات >> سود و انشورنس

    سوال نمبر: 18492

    عنوان:

    انشورنس کا کام کرنے والے حضرات کے یہاں دعوت

    سوال:

    میرے ایک دوست انشورنس کا کام کرتے ہیں یعنی ایک طرح سے اپنا کاروبار ہے۔ یہاں امریکہ میں کار چلانے کے لیے انشورنس لینا ضروری ہے۔ کار کی انشورنس کے ساتھ ساتھ دوسرے کاروبار اور گھر وغیرہ کے بھی انشورنس کراتے ہیں کیا یہ آمدنی جائز ہے؟ کیا ان کے گھر دعوت وغیرہ کھانا جائز ہے؟(۲) دوسرا سوال یہ ہے کہ میرے برادر نسبتی ہیں انشورنس کمپنی کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ میں کام کرتے ہیں ان کے بھائی، والد، والدہ سب ساتھ رہتے ہیں جانا آنا اور دعوت وغیرہ کا سلسلہ رہتا ہے والد اور بھائی دوسرے کاروبار کرتے ہیں۔ ایسی صورت میں رہنمائی فرماویں کہ کیسے رہا جائے؟

    جواب نمبر: 18492

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ل): 50=53-1/1431

     

     گاڑی انشورنس میں سود اور قمار دونوں پائے جاتے ہیں اوردونوں بنص قطعی حرام ہیں، اس لیے گاڑی کا انشورنس کرانا جائز نہیں۔ البتہ قانونی مجبوری کے پیش نظر کار انشورنس کرانے کی اجازت ہوگی۔ جو شخص انشورنس کراتا ہے وہ گویا ایک حرام چیز کا ذریعہ بن رہا ہے اس لیے اس کی آمدنی حلال نہیں، اگر اس کے یہاں کوئی دوسرا ذریعہ معاش نہیں ہے تو اس کے یہاں دعوت کھانا جائز نہیں۔

    (۲) انشورنس کمپنی کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ میں کیا کام کرنا پڑتا ہے اس کی وضاحت کرکے استفتاء ارسال کریں، پھر ان شاء اللہ جواب دیا جائے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند