• عقائد و ایمانیات >> بدعات و رسوم

    سوال نمبر: 608587

    عنوان:

    دفنانے کے بعد قبر کے پاس بیٹھ کر آواز کے ساتھ تلاوت کرنا کیسا ہے ؟

    سوال:

    سوال : کیا فرماتے ہیں علما ء و مفتیان اکرام ذیل کے مسئلہ کے متعلق کہ کیا مردے کو دفنانے کے بعد قبر کے متصل بیٹھ کر قرآن میں دیکھ کر جہری مکمل سورة بقرہ کی تلاوت کرسکتے ہیں جس میں دو نیت ہو ۱) جیسا کہ حدیث شریف کا مفہوم ہے کہ ایک اونٹ کے چار ٹکڑے کرنے میں جتنا وقت لگتا ہے اتنی دیر قبر کے پاس دفنانے کے بعد ٹھیرنا چاہیے اور ظاہر سی بات ہے کہ سورة بقرہ کی تلاوت مکمل کرنے تک اتنا وقت لگ ہی جائے گا تو آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے ارشاد پر بھی عمل ہوجائے گا۔

    ۲) اور دل میں یہ نیت ہو کہ اس کا ثواب اس مردے کو پہنچے اور اللہ تبارک و تعالیٰ سے یہ امید ہو کہ اللہ پاک اس کی برکت سے مردے کے قبر کے سوالوں کے جوابات آسانی کے ساتھ ادا کرادینگے . برائے مہربانی ہماری رہبری فرمائے کہ کیا ایسا کرنا صحیح ہے یا بدعت میں شمار ہوں گا؟

    جواب نمبر: 608587

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 572-495/M=06/1443

     (۱،۲) تدفین میت کے بعد میت کے لیے منکر نکیر کے سوالات کے جواب میں ثبات قدمی اور مغفرت کی دعا کرنی چاہئے اور میت کے سرہانے کھڑے ہوکر سورہ بقرہ کا اول حصہ اور پیر کی جانب کھڑے ہوکر سورہ بقرہ کا آخری حصہ پڑھنا چاہئے، اس کا ثبوت حدیث سے ہے، پس اس موقعہ پر جو عمل جس طرح ثابت ہو اسی طرح کرنا افضل ہے اور سوال میں مذکور طریقے کا التزام نہ کیا جائے تو اچھا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند