• عقائد و ایمانیات >> بدعات و رسوم

    سوال نمبر: 60676

    عنوان: برتن سامنے رکھ کر فاتحہ دینا درست ہے کیا ؟گھر میں سلام پڑھنا درست ہے کیا ؟

    سوال: برتن سامنے رکھ کر فاتحہ دینا درست ہے کیا ؟گھر میں سلام پڑھنا درست ہے کیا ؟

    جواب نمبر: 60676

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 952-942/N=11/1436-U (۱) قرآنی آیات یا سورتوں وغیرہ کے ایصال ثواب میں کھانے کا برتن سامنے رکھنے کو لازم وضروری سمجھنا یا ایصال ثواب میں کسی اور خاص عمل یا طریقہ کو لازم وضروری سمجھنا بدعت ہے، اس سے اجتناب لازم ہے؛ کیوں کہ اُس خاص طریقہ اور اعتقاد کے ساتھ ایصال ثواب شریعت میں بے اصل ہے، صحابہ کرام، تابعین عظام وغیرہم سے اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے اور حضرت عائشہ  سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”من أحدث في أمرنا ھذا ما لیس منہ فھو رد“، یعنی: جس نے ہمارے اس دین میں کوئی نئی چیز ایجاد کی تو وہ مردود ہے (اس نئی چیز کا کوئی اعتبار نہ ہوگا) (مشکوة شریف ص ۲۷ بحوالہ: صحیحین )، البتہ اگر کسی عمل یا طریقہ کی تخصیص اور التزام کے بغیر انفرادی طور پر کسی وفات یافتہ یا زندہ شخص کو ایصال ثواب کیا جائے تو اس میں شرعاً کوئی مضائقہ نہیں؛ بلکہ بہتر ومستحسن ہے؛ کیوں کہ یہ اس شخص کے ساتھ احسان وبھلائی ہے جسے ایصال ثواب کیا جائے۔ (۲) سلام سے آپ کی مراد کیا ہے؟ اس کی وضاحت کرکے سوال کریں، نیز اگر اس کے کچھ مخصوص الفاظ ہوں تو وہ بھی تحریر کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند