• عقائد و ایمانیات >> بدعات و رسوم

    سوال نمبر: 175853

    عنوان: لڑكی كی رخصتی كے كچھ دنوں بعد داماد تعارفی دعوت میں شرکت کرنا كیسا ہے ؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس بارے میں کہ میری برادری میں ایک رواج ہے کیا یہ خلاف سنت ہے ؟شرعا اس کا کیا حکم ہے ؟ رواج یہ ہے کہ لڑکی کی رخصتی ہوتی ہے تب لڑکی والے اس وقت ایک کھجور کی گٹلی بھی نہیں کھلاتے اور کچھ دن بعد ایک دعوت رکھتے ہیں کہ بیٹی کا فریضہ ادا ہوا ہے اور داماد کا تعارف ہو جائے رشتہ داروں میں اس میں نہ لڑکے والے یہ کہتے ہیں کہ ہم اتنے افراد لائیں گے اور نہ ہی کوئی فرمائش ہوتی ہے ۔( جیسے کہ بارات میں ہوتا ہے ۔) ۔ اس طرح دعوت میں شرکت کرنا اور مدعو کرنا کیسا ہے ؟(مشہور یہ ہے کہ لڑکی کا کھانا سنت سے ثابت نہیں) * کیا مذکورہ دعوت کا طریقہ اسی زمرہ میں آئے گا؟ نیز ادھار لے کر اس طرح دعوت کرنا کیسا ہے ؟ رہنمائی فرمائیں جزاکم اللہ

    جواب نمبر: 175853

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:382-312/sd=6/1441

    عام حالات میں کسی رسم کے بغیر نام و نمود اور اسراف سے بچتے ہوئے متعلقین اور رشتہ داروں کی دعوت کرنا اور دعوت قبول کرنا صلہ رحمی میں داخل ہوکر موجب ثواب ہے؛ لیکن کسی رسم کے تحت دعوت کرنا اور قبول کرنا قابل ترک عمل ہے، پس لڑکی والوں کی طرف سے جو دعوت کی جاتی ہے، اگر وہ کسی رسم کے تحت نہیں ہوتی، مثلا: اس دعوت کو کسی خاص نام سے موسوم نہیں کیا جاتا اوراس کو لازم اور ضروری نہیں سمجھا جاتا ؛ بلکہ دو خاندان میں نئی قرابت داری کی وجہ سے یہ دعوت کی جائے، تو اس کو قبول کرنے میں مضائقہ نہیں؛ صورت مسئولہ میں سوال کے بعض اجزاء سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آپ کے یہاں یہ دعوت شاید رسم کی شکل اختیار کرچکی ہے اور ہم چونکہ اس کی نوعیت سے واقف نہیں ہیں، اس لیے بہتر یہ ہے کہ مقامی مستند دار الافتاء سے رجوع کرلیا جائے، باقی اصل شرعی حکم لکھ دیا گیا ہے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند