• عقائد و ایمانیات >> بدعات و رسوم

    سوال نمبر: 173761

    عنوان: گروپ بناكر درود پاك پڑھنا

    سوال: ہمارے کچھ دوستوں نے دنیا کے مختلف ممالک کے مل کر ایک گروپ بنایا ہے اور اس کا مقصد درود پاک پڑھنا اور اس کی تعداد شمار کرنا ہے، پہلی بار ٹارگیٹ ایک کروڑ کا تھا پھر پانچ کروڑ کیا پھر ایک ارب اور اب ایک کھرب رکھا گیاہے جو کہ تقریباً ساڑھے تین ارب کی تعداد ہوگئی ہے ، مقصد یہ ہے کہ روز حشر اللہ تعالی سے درخواست ہے کہ اس گروپ میں شامل افراد نے ایک کھرب درود پڑھاتھا اس کا حساب بھی اکٹھا کیا جائے ، اس گروپ میں لوگوں کی تعداد دن بہ دن بڑھ رہی ہے اور لوگ زیادہ سے زیادہ درود پڑھ کر تعداد گروپ میں شیئر کرتے ہیں اور ایک صاحب اس کو ٹوٹل کرکے بتاتے ہیں کہ اس ہفتے اتنا اکٹھا ہوگیاہے، کیا یہ صحیح ہے؟ لیکن یہ بدعت میں تو شمار نہیں ہوگا؟ براہ کرم، رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 173761

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 124-89/SN=02/1441

    مذکور فی السوال طریقہ غیر مناسب اور قابل ترک ہے، یہ ریا نمود نیز اخلاص میں خلل کا باعث ہو سکتا ہے، اس طرح کے نفل اعمال میں اخفاء افضل ہے؛ اس لئے آپ لوگ یہ سلسلہ بند کردیں؛ باقی لوگوں کو درود شریف کی کثرت کی ترغیب دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند