• عقائد و ایمانیات >> بدعات و رسوم

    سوال نمبر: 162802

    عنوان: کیا کونڈے کی عید منانا صحیح ہے ؟

    سوال: محترم مجھے جاننا تھا کہ ۱) بریلوی جو کونڈے کی عید مناتے ہیں کیا وہ صحیح ہے ؟ ۲)کیا کونڈے کی عید حضرت امام جعفر کی یوم ولادت پر منائی جاتی ہے ؟ ۳) اور اس بات میں کتنی صداقت ہے کہ کچھ ہمارے دیوبندی اشخاص کو یہ کہتے سنا ہے کہ در اصل اس دن حضرت امیر معاویہ(رض) کی وفات کا دن ہے اس کی خوشی میں یہ عید منائی جاتی ہے ؟ ۴)حضرت امیر معاویہ(رض) کی یوم ولادت اور یوم وفات کیا ہے ؟

    جواب نمبر: 162802

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1178-85T/M=10/1439

    (۱تا ۴) بریلوی لوگ جو ۲۲/ رجب کو کونڈے کی عید مناتے ہیں، شرعاً یہ بے اصل اور بدعت ہے، مشہور یہ ہے کہ کونڈے کی عید حضرت امام جعفر صادق رحمہ اللہ کی یوم ولادت پر منائی جاتی ہے جب کہ سچائی اور حقیقت یہ ہے کہ کونڈوں کی مروجہ رسم، دشمنانِ صحابہ نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی وفات پر اظہار مسرت کے لیے ایجاد کی ہے، ۲۲/ رجب حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی تاریخ وفات ہے (طبری) ۲۲/ رجب کو حضرت جعفر صادق رحمہ اللہ سے کوئی تعلق نہیں، نہ اس میں ان کی وولادت ہوئی نہ وفات، حضرت جعفر صادق رحمہ اللہ کی ولادت ۸/ رمضان ۸۰ہجری یا ۸۳ہجری کی ہے اور وفات شوال ۱۴۸ھ میں ہوئی ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس رسم کو محض پردہ پوشی کے لیے حضرت جعفر صادق رحمہ اللہ کی طرف منسوب کیا جاتا ہے ورنہ درحقیقت یہ تقریب حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی وفات کی خوشی میں منائی جاتی ہے۔ جس وقت رسم ایجاد ہوئی اہل سنت والجماعت کا غلبہ تھا اس لیے یہ اہتمام کیا گیا کہ شیرینی علانیہ تقسیم نہ کی جائے تاکہ راز فاش نہ ہو بلکہ دشمنان حضرت معاویہ رضی اللہ خاموشی کے ساتھ ایک دوسرے کے یہاں جاکر اسی جگہ یہ شیرینی کھالیں جہاں اس کو رکھا گیا ہے اور اس طرح اپنی خوشی ومسرت ایک دوسرے پر ظاہر کریں جب اس کا چرچا ہوا تو اس کو حضرت جعفر صادق رحمہ اللہ کی طرف منسوب کرکے یہ تہمت ان پر لگائی کہ انھوں نے خود اس تاریخ کو اپنی فاتحہ کا حکم دیا ہے حالانکہ یہ سب من گھڑت ہے، مسلمانوں پر لازم ہے کہ ہرگز ایسی رسم نہ کریں، بلکہ دوسروں کو بھی اس کی حقیقت سے آگاہ کرکے اس سے بچانے کی کوشش کریں، (احسن الفتاوی: ۱/ ۲۶۷، بعنوان: کونڈوں کی حقیقت، ط: زکریا دیوبند)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند