• عقائد و ایمانیات >> بدعات و رسوم

    سوال نمبر: 146173

    عنوان: کیا معین عدد کے ساتھ وظیفہ پڑھنا بدعت ہے؟

    سوال: کچھ اہل حدیث حضرات وظیفہ پڑھنے کو بدعت کہتے ہیں، جیسے کہ ہم ”یا لطیف“ پہلے ۱۳۳/ مرتبہ، اول و آخر ۳-۳ بار درود شریف۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ بدعت ہے کون سی حدیث میں تعداد بتائی گئی ہے کہ اتنی بار یہ سورہ، آیت یا اس میں پڑھیں۔ ہم انہیں کیا جواب دیں۔

    جواب نمبر: 146173

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 197-159/L=2/1438

    اس طرح کے وظائف از قبیلِ رقیہ و علاج کے پڑھے جاتے ہیں اور رقیہ و علاج کے باب میں توسع ہے اگر کسی آیت یا اسماء حسنہ یا دعاء ماثورہ کا خاص عدد میں پڑھنا تجربہ سے ثابت ہو تو اس پر عمل کیا جاسکتا ہے رقیہ میں یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ رقیہ الفاظ کفریہ شرکیہ یا غیر معلوم المعنی الفاظ پر مشتمل تو نہیں ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اولاً یہ فرمایا تھا ”اعرضوا علیّ رقاکم“ مجھ پر اپنے رقیے پیش کرو پھر بعد میں علی الاطلاق اجازت دے دی بشرطیکہ وہ رقیہ شرکیہ کلمات پر مشتمل نہ ہو ”لا بأس بالرقی مالم یکن فیہ شرک“ اس کو علی الاطلاق بدعت کہنا جہالت ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند