• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 68726

    عنوان: جائداد کی تقسیم میں بیٹیوں کا شرعی حق کیا ہے؟

    سوال: میں فاطمہ پروین بنت مقبول احمد، میرے والد تین بھائی تھے، ایک بھائی والد صاحب سے بڑے تھے، ان کا ایک بیٹا تھا، ان لوگوں کا انتقال ہوچکا ہے۔ اب ان کے پریوار میں کوئی بھی نہیں ہے اور ایک بھائی والد صاحب سے چھوٹے تھے، ان کے پانچ بیٹے ہیں اور ہمارے والد صاحب کے تین بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ اب ہمارے والد اور والدہ کا بھی انتقال ہوچکا ہے اور چچا، چچی کا بھی انتقال ہوچکا ہے۔ اب ہمارے چچرے پانچ بھائی اور ہمارے تین بھائی اور ہم دو بہنیں ہیں ۔ہمارے بھائی اور چچہرے بھائیوں نے مل کر دادا کی جائداد کو بیچ کر آپس میں بانٹ لیا اور اس سے پہلے بھی ایک اور جائداد بیچ کر آپس میں بانٹ لیا ۔جب ہم نے ان سے پوچھا، بھائی جان اس میں ہم دونوں بہنوں کا بھی حصہ ہوتا ہے تو انہوں نے جواب دیا بہنوں کا کوئی حصہ نہیں ہے۔ ہم علمائے کرام سے جاننا چاہتے ہیں کہ والد صاحب کے حصے میں ہم دونوں بہنوں کا شرعی حق کیا ہے؟ ہمیں وضاحت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 68726

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1257-168/N=11/1437 مذہب اسلام میں والد یا والدہ کے ترکہ میں بیٹوں کی طرح بیٹیوں کا بھی حق و حصہ ہوتا ہے، ایسا نہیں ہے کہ والدین کی ساری پراپرٹی وغیرہ صرف بیٹوں کا حق ہے، قال اللہ تعالی: للرجال نصیب مما ترک الوالدٰن والأقربون وللنساء نصیب مما ترک الوالدٰن والأقربون مما قل منہ أو کثر، نصیبا مفروضا (سورہ نسا، آیت: ۷) ، وقال تعالی أیضاً: ﴿یوصیکم اللہ في أولادکم للذکر مثل حظ الأنثیین﴾ (سورہ نسا، آیت: ۱۱) ، ویصیر عصبة بغیرہ البناتُ بالابن الخ (در مختار مع شامی ۱۰: ۵۲۲، مطبوعہ: مکتبہ زکریا دیوبند) ؛ اس لیے صورت مسئولہ میں بیٹوں کا والد مرحوم کے ترکہ میں بہنوں کو ان کا حق وحصہ نہ دینا؛ بلکہ والد صاحب کی ساری جائداد صرف آپس میں تقسیم کرلینا بلاشبہ بہنوں کی حق تلفی اور ان کے ساتھ ظلم وزیادتی ہے جوبلاشبہ حرام وناجائز ہے، صورت مسئولہ میں جائداد کے قابضین پر ضروری ہے کہ تمام جائدادیں تمام وارثین کے درمیان شرعی طریقہ پر تقسیم کریں، کسی کی کچھ بھی حق تلفی نہ کریں ورنہ انھیں آخرت میں سخت عذاب کا سامنا ہوسکتا ہے، اللہ تعالی حفاظت فرمائیں۔ رہا یہ کہ صورت مسئولہ میں بہنوں کا کتنا حق وحصہ ہے؟ تو اس کے لیے دادا کے تمام وارثین کی تفصیل تحریر کریں اور وارثین میں سے جن کا انتقال ہوچکا ہے، ان کی تاریخ وفات اور ان کے وارثین کی تفصیل بھی تحریر کریں، اس کے بعد انشاء اللہ آپ کے دادا کے ترکہ کی شرعی تقسیم تحریر کی جائے گی۔ اور اگر کسی سوال کسی مفتی سے مرتب کرائیں تو زیادہ بہتر ہوگا تاکہ کوئی وارث لکھنے سے نہ رہ جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند