• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 48087

    عنوان: جو حصہ آپ دونوں بھائیوں میں سے کسی نے اپنی ذاتی کمائی سے خریدا ہے

    سوال: ہمارے والد کا انتقال ہوگیا ہے اور اب ہم دو بھائی اور چھ بہنیں ہیں، والدہ بھی حیات ہیں، تمام بہنوں کی شادی ہوچکی ہے اور اپنے اپنے گھرمیں رہتی ہیں، ہم دونوں بھائیوں کی بھی شادی ہوچکی ہے اورایک ہی گھر میں الگ الگ منزل میں رہتے ہیں، والدہ ہم میں سے ایک بھائی کے پاس رہ رہی ہیں۔ کچھ سال پہلے والد صاحب پر زبردست فالج کا حملہ ہوگیا تھا اور صاحب فراش ہوگئے تھے اور مکمل طورپر دوسرے پر انحصار کرتے تھے، حتی کہ ٹوائلیٹ بھی بستر پر ہوتا تھا ۔ اس دوران ایک بھائی نے اپنی کمائی سے چچا سے باتھ والا گھر خریدا، اس وقت اس کی شادی نہیں ہوئی تھی۔ اب والد صاحب کا انتقال ہوگیا ہے۔ اس بھائی کی شادی سے پہلے اس گھر کو کو دوبارہ بنایاگیا اور والد صاحب کے گھر سے ملادیا ۔ سوال یہ ہے کہ اگر ہم اس پورے گھر کو بیچ دیں اور پیسے کو تقیسم کرنا چاہیں تو کیا وہ گھر جس حصہ کو بھائی نے اپنی کمائی سے خریدا ہے اس کی قیمت گھٹا کر پیسے تقسیم کریں؟

    جواب نمبر: 48087

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1332-1322/N=11/1434-U جی ہاں! گھر کا جو حصہ آپ دونوں بھائیوں میں سے کسی نے اپنی ذاتی کمائی سے خریدا ہے مکمل گھر فروخت کرنے کی صورت میں اس حصہ کی قیمت گھٹاکر باقی ماندہ قیمت کو تمام بھائی بہنوں اور والدہ کے درمیان شرعی حصص کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا، کسی بھائی کے خریدے ہوئے حصہ کی قیمت کو تقسیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند