• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 47251

    عنوان: وراثت كی تقسیم

    سوال: ابھی میری عمر۵۲ سال ہوئی ہے، میرے شوہر کی عمر ۵۷ سال ہے ، میرا ایک بیٹا۲۸ سال کا ہے ، اس کی شادی ہوگئی ہے، ایک بیٹی ۲۲ سال کی ہے، اس کی بھی شادی ہوچکی ہے، ہماری کچھ پروپرٹی شوہر کے نام پر ہے اور کچھ میرے نام پر اور جو پروپرٹی میرے نام پر ہے وہ میرے شوہر کی دی ہوئی ہے جو پروپرٹی میرے نام پر ہے وہ میرے مرنے کے بعد کیا وہ شوہر کے نام ہوجائے گی یا وہ میرے شوہر اور بچوں میں تقسیم ہوگی اور اس کے کس طرح حصے ہوں گے؟ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 47251

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1267-1038/H=11/1434 اگر شوہر نے یہ جائداد آپ کو ہبہ کرکے آپ کے قبضہٴ تامہ میں دے دیا ہے تو آپ اس کی مالک ہیں، آپ کی وفات پر اگر یہی ورثہ رہے تو 1/4 (چوتھائی) کے حق دار شوہر ہوں گے اور 1/4 ہی کی حق دار بیٹی ہوگی اور 2/4 کا حقدار بیٹا ہوگا ۔ اگر شوہر نے نام کرنے میں بجائے ہبہ کے کوئی اور نوعیت اختیار کی ہو تو اس کو صاف صحیح واضح لکھ کر سوال دوبارہ کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند