• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 29615

    عنوان: ۔ والدہ کی پروپرٹی 16/ ایکڑ زمین ہے، اس کی تقسیم کیسے جائے گی؟

    سوال: وراثت سے متعلق سوال ہے۔ والدہ کی پروپرٹی 16/ ایکڑ زمین ہے، اس کی تقسیم کیسے جائے گی؟ ان کے والدین کے وفات ہوچکے ہیں۔ پسماندگان میں شوہر ، پانچ بیٹے (ایک کا انتقال ہوچکاہے ، ایک سات سالوں سے غائب ہے اور تین حیات ہیں)، تین بیٹیاں ( ایک کا انتقال ہوچکاہے ، تین حیات ہیں)۔ والدہ کے انتقال کے وقت دونوں بچے جن کا انتقال ہوچکا ہے، زندہ تھے۔ اہم بات یہ ہے کہ ماں نے وصیت کی تھی کہ ہر ایک کو دو دوایکڑ زمین دی جائے ۔( 2+8=61) براہ کرم، طریقے تقسیم کے بارے میں بتائیں۔

    جواب نمبر: 29615

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ل): 487=373-4/1432 صورت مسئولہ میں جو لڑکا سات سال سے غائب ہے اس کا مسئلہ مقامی شرعی پنچایت تک لیجایا جائے، اگر شرعی پنچایت اچھی طرح تحقیق وتفتیش کے بعد اپنی صواب دید سے مفقود کی موت کا فیصلہ کردیتی ہے، اس وقت اس سوال کو دوبارہ کیا جائے، نیز جن بچوں کی وفات ہوچکی ہے یا اس وقت تک جتنے کی وفات ہوجاتی ہے، ان تمام کے ورثہ کی تفصیل بھی لکھی جائے، آپ کی والدہ نے جو وصیت کی تھی وہ شرعاً لغو شمار ہوگی کیونکہ وارث کے حق میں وصیت کا نفاذ نہیں ہوتا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند