• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 176279

    عنوان: دو بیویاں‏، دو بھائی‏، ایك بہن‏، بھتیجے‏، بھتیجیاں‏، اور بھانجے بھانجیوں كے درمیان تقسیم

    سوال: میرے بڑے ابّا کا انتقال ہو گیا ہے جن کی کوئی اولاد کسی بھی بیوی سے نہیں ہے ان کی تیسری بیوی کا انتقال ان سے پہلے ہی ہو چکا ہے جن کے ساتھ ان کی پو ری زوجیت کی زندگی گزری ہے ، با قی دو میں سے ایک کے ساتھ چند روز گزرے ہیں اور دوسری کے ساتھ چند ماہ اور وہ ہم میں سے کسی کے رابطے میں بھی نہیں ہیں، مرحوم کے ماں باپ بھی مرحوم سے پہلے ہی فوت ہو چکے ہیں، مرحوم کے تین بھایّوں میں سے ایک بھائی مرحوم سے پہلے فوت ہو چکے ہیں جن کی ایک بیوی ایک لڈکا اور چار لڑکیاں ہیں، مرحوم کی دو بہنوں میں سے ایک بہن مرحوم سے پہلے ہی فوت ہو چکی ہیں جن کے تین لڑکے اور دو لڑکیاں ہیں مرحوم کے پاس ایک مکان اور اس کا کچھ سامان ایک گاڈی اور کچھ بینک بیلینس ہے جو ان کی اپنی کمائی ہوئی ہے ، ان کو کیسے تقسیم کریں گے ، جزاک اللہ ۔

    جواب نمبر: 176279

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 641-548/H=06/1441

    بعد اداءِ حقوقِ متقدمہ علی المیراث وصحت تفصیل ورثہ بڑے ابا مرحوم کا کُل مالِ متروکہ (مکان گاڑی بینک بیلنس وغیرہ) چالیس (40) حصوں پر تقسیم کرکے پانچ پانچ (5-5) حصے مرحوم کی دونوں بیواوٴں کو (کہ جو باحیات ہیں) اور بارہ بارہ (12-12) حصے مرحوم کے دونوں موجود بھائیوں کو اور چھ (6) حصے مرحوم کی موجودہ بہن کو ملیں گے مرحوم کے بھتیجے بھتیجیاں بھانجے بھانجیاں سب ترکہٴ مرحوم سے شرعاً محروم ہیں دونوں بیوائیں اگرچہ آپ کے رابطہ میں نہیں ہیں اور خواہ بڑے ابا مرحوم کے ساتھ انہوں نے چند روز یا کچھ ہی عرصہ گذارا ہو مگر پھر بھی وہ دونوں موجودہ بیوائیں اپنے شوہر مرحوم (آپ کے بڑے ابا مرحوم) کے ترکہ سے محروم نہ ہوں گی ۔

    ---------------------------------

    جواب صحیح ہے بہ شرطیکہ مرحوم نے اپنی پہلی ۲/ بیویوں کو اپنی زندگی میں طلاق وغیرہ نہ دی ہو یعنی: مرحوم کی آخر زندگی تک دونوں کا نکاح مرحوم کے ساتھ شرعاً باقی رہا ہوں۔

    کل حصے   =             40

    -------------------------

    زوجہ         =             5

    زوجہ         =             5

    بھائی         =             12

    بھائی         =             12

    بہن          =             6

    بھتیجے، بھتیجیاں          =             محروم

    بھانجے، بھانجیاں       =             محروم

    --------------------------------


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند