• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 164100

    عنوان: تقسیم تركہ

    سوال: حضرت، میری ماں نے اپنے زیور جو کہ ان کے ماں باپ نے شادی میں دئے تھے بیچ کر زمین خریدی تھی، ان کا انتقال ہو چکا ہے۔ باپ نے وہ زمین اپنے نام کرالی اور دوسری شادی کرلی ہے۔ ان کی عمر ۸۰/ سال ہے۔ دوسری بیوی سے کوئی اولاد نہیں ہے۔ کیا اس زمین پر دوسری بیوی کا حق ہے؟ یا پہلی بیوی کے بچوں کا؟ باپ کی باقی جائیداد شرعاً کس طرح تقسیم ہوگی؟

    جواب نمبر: 164100

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1387-1222/H=12/1439

    اگر یہ حقیقت ہے کہ آپ کی والدہٴ مرحومہ نے اپنے مملوکہ زیورات بیچ کر زمین خریدی تھی تو اس کا حکم یہ ہے کہ اس زمین کی مالک والدہٴ مرحومہ ہوئیں اور ان کے انتقال پر وہ زمین مرحومہ کا ترکہ بن گئی جو ورثہٴ شرعی پر علی قدر حصصہم تقسیم ہوگی والد صاحب نے والدہٴ مرحومہ کی وفات کے بعد اس زمین کو اپنے نام کرایا تو ناجائز ہوا اور نام کرالینے کی وجہ سے والد صاحب اس کے مالک نہ ہوئے اگر والدہٴ مرحومہ کی حیات میں نام کرائی ہو تو پھر والد صاحب سے پوری تفصیل معلوم کرکے صاف صحیح واضح انداز پر وہ تفصیل لکھئے نیز آئندہ یہ بھی لکھئے کہ والدہٴ مرحومہ نے اپنی کل کتنی اولاد چھوڑی ہے رہا والد صاحب کے ترکہ کی تقسیم کا معاملہ سو اس کو تو والد صاحب کی وفات پر تمام ورثہ کی تفصیل لکھ کر معلوم کرلیجئے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند