• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 160762

    عنوان: اگر بھائی‏، بہنوں كو ان كا حق نہ دے؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیانِ اکرام مسئلہ ذیل کے بارے میں؟ ہم چار بہنیں اور دو بھائی ہیں ایک بھائی کا انتقال ہو چکا ہے اور جس بھائی کا انتقال ہوا ہے اس کی شادی نہیں ہوئی تھی۔اب ہمارے ماں باپ کا بھی انتقال بہت پہلے ہو چکا ہے ۔اب میرے والد کی زمین جائیداد پر میرا ایک بھائی قابض ہے اور وہ بہنوں کو باپ کی جائیداد میں سے کچھ بھی نہیں دے رہا ہے جبکہ بہنیں خود مجبور ہیں۔ اب آپ بتائیں کہ کیا بہنوں کو اپنا حق معاف کر دینا چاہیے یا نہیں؟صورت مسئلہ میں بہنوں کو کیا کرنا چاہیے ؟

    جواب نمبر: 160762

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:990-837/L=7/1439

    بہنوں کا حق منجانب اللہ مقرر ہے ،بھائی کا بہنوں کو ان کا حق نہ دینا ظلم اور زیادتی ہے،بھائی کو چاہیے کہ بہنوں کو ان کا حق ان کو دیدے،آپ تمام بہنوں کو چاہیے کہ اچھے انداز میں بھائی سے اپنے حق کا مطالبہ کرتی رہیں،اوراگر اس کے لیے کسی بڑے آدمی کو بیچ میں ڈال کر اپنا حق وصول کرلیں تو یہ بھی بہتر ہے ،اوراگر بہنیں اپنے حصے کے عوض رقم وغیرہ لے کر اپنے حصے سے دستبردار ہوجائیں تو اس کی بھی گنجائش ہے ؛البتہ اس کے علاوہ محض زبان سے معاف کردینے سے حق ساقط نہیں ہوتا ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند