• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 147004

    عنوان: میرے بعد کتنے کتنے حصے میری بیوی اور تینوں بچیوں کو ملے گا؟

    سوال: (۱) میری تین بچیاں ہیں اور تینوں نابالغ ہیں، میرے ماں باپ کا انتقال ہو گیا ہے۔ اور میری تین بہنیں اور ایک بھائی ہے سب کی شادی ہو گئی ہے سب کو وراثت بھی تقسیم ہو گئی ہے، سبھی کے پاس اپنا اپنا مال ہے اور اپنا اپنا کام کرتے ہیں، ایک بہن کا انتقال ہو گیا ہے۔ تو کیا میں اپنی بچیوں کو تین جو نابالغ ہیں ان کو اور میری بیوی کو میں اپنی جائیداد بخشش کر سکتا ہوں؟ اگر ہاں تو کتنا اورکیسے؟ اگر نہیں، تو کیوں نہیں ؟ اگر بخشش نہیں کروں تو اللہ میری عمر میں برکت دیوے۔ آمین (۲) میرے بعد کتنے کتنے حصے میری بیوی اور تینوں بچیوں کو ملے گا؟ اور میرے بھائی اور بہن کا اور ان کے بچوں کا حصہ لگے گا، اگر ہاں تو کیسے؟ اور کیا ایسا کرنا گناہ یا مکروہ ہے؟

    جواب نمبر: 147004

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 430-420/Sn=4/1438

    جب آپ کی کوئی نرینہ اولاد نہیں ہے تو اس حال میں وفات کی صورت میں آپ کے بھائی بہن بھی آپ کے وارث ہوں گے اور کسی آدمی کے لیے یہ جائز نہیں کہ بعض ورثاء کو محروم کرکے دوسرے بعض کو اپنی کل جائداد دیدے؛ اس لیے صورتِ مسئولہ میں اگر آپ اپنی زندکی ہی میں جائداد بخشش کرنا چاہتے ہیں تو پوری جائداد بیوی اور بچیوں کو نہ دیں؛ بلکہ تھوڑا بہت حصہ بھائی اور دونوں بہنوں کو بھی دیں؛ لیکن جتنا جس کو دینا ہو وہ متعین مشخص کرکے دیں بلکہ بھائی بہنوں اسی طرح بیوی کا حصہ متعین طور پر ان کے حوالے کر بھی دیں اور اپنا قبضہ مکمل طور پر ہٹالیں؛ کیوں کہ زندگی میں تقسیم جائداد شرعاً ”ہبہ“ ہے اور ہبہ اسی وقت تام اور مکمل ہوتا ہے جب ہرایک موہوب لہ کا حصہ مشخص ومتعین کرکے اس کے قبضہ دخل میں دیدیا جائے؛ البتہ نابالغ بچیوں کا حصہ الگ الگ کرکے آپ بہ حیثیت ”ولی“ اپنے قبضہ میں رکھ سکتے ہیں۔

    (۲) اگر آپ کے والدین کی طرح دادا، دادی کا بھی انتقال ہوچکا ہے اور آپ کی وفات کے وقت موجودہ تمام ورثاء باحیات رہیں، نہ ان میں کوئی کم ہو اور نہ کوئی بڑھے، تو صورت مسئولہ میں آپ کا کل متروکہ مال بعد ادائے حقوق متقدمہ علی الارث ۲۸۸/ حصوں میں تقسیم ہوگا جن میں سے ۳۶حصے آپ کی بیوی کو، ۶۴-۶۴حصے آپ کی تینوں بیٹیوں میں سے ہرایک کو، ۱۵-۱۵حصے ہرایک بہن کو اور ۳۰/ حصے بھائی کو ملیں گے۔ نقشہ اس طرح بنے گا۔

    زوجہ          =             ۳۶

    بنت          =             ۶۴

    بنت          =             ۶۴

    بنت          =             ۶۴

    اخ            =             ۳۰

    اخت         =             ۱۵

    اخت         =             ۱۵


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند