• متفرقات >> تاریخ و سوانح

    سوال نمبر: 609901

    عنوان:

    امام اعظمؒ كی تصنیفات‏،احناف كی اصول حدیث میں وغیرہ میں تصنیف

    سوال:

    1۔ کیا امام اعظم امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کی کوئی اپنی تصنیف موجود ہے اگر ہے تو مدارس میں داخل نصاب کیوں نہیں؟

     2۔ کیا اصول حدیث میں احناف کی مستقل تفصیلی کوئی کتاب ہے ۔ اگر ہے تو مدارس میں داخل نصاب کیوں نہیں؟

     3 ۔ مدارس میں جیسا تفصیلاً فقہ و حدیث پڑھائی جاتی ہے اور اس پر توجہ دی جاتی ہے تو اسی طرح تفصیلاً قرآن کی تفسیر کیوں نہیں ہوتی۔ بس ترجمہ قرآن اور جلالین پر اکتفاء کیا جاتا ہے ہر سوال کا الگ الگ جواب دیا جاے تو بہتر ہوگا۔ 

    جواب نمبر: 609901

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 876-115/TB-Mulhaqa=8/1443

     (1) امام صاحب كی طرف بعض تصنیفات‏، مثلا :فقہ اكبر‏، العالم والمتعلم وغیرہ كی نسبت كی جاتی ہے؛ لیكن ان كی نسبت كے سلسلے میں مؤرخین نے كلام كیا ہے‏؛ باقی حضرت امام محمدؒ كی جو تصنیفات ہیں‏، ان میں بیشترامام صاحب كی مرویات ہیں؛ داخل نصاب كرنے میں چوں كہ ترتیب   اوراسلوب وغیرہ میں اس بات كا لحاظ كیا جاتا ہے كہ كتابیں عام طلبہ كےذہن سے قریب ہوں؛ اس لیے انھیں داخل نصاب نہیں كیا گیا؛ بلكہ وہ تصنیفات داخل نصاب كی گئی ہیں‏، جو بعد كے معتبرعلما نے انھیں كی روشنی میں ترتیب دی ہیں اور ان كا اسلوب وغیرہ طلبہ كے اذہان سے نسبتًا زیادہ قریب ہیں ۔(2)فن اصول حدیث كوئی ایسا فن نہیں ہے‏، جس میں فقہی اختلاف ہو‏، اصول حدیث تقریبا سب كے نزدیك یكساں ہے‏، چناچہ معتبر علمائے احناف نے پیش رو دیگر مسلك كے علما كی   كتابوں كی مستند شرحیں لكھی ہیں‏، شرح نخبۃ الفكر كی‏، ملا علی قاریؒ نے ’’شرح الشرح‘‘ كے نام سے شرح لكھی ہے جو اہل علم كے درمیان معروف ومتداول ہے ‏، اسی طرح مولانا عبد الحی لكھنوی ؒ نے ’’ظفر الامانی‘‘ تحریر فرمائی ہے‏، جو بعض مدارس میں داخل نصاب بھی ہے‏، ان كے علاوہ دیگر علمائے احناف نے بھی كتب اصول حدیث كی اہم شرحیں لكھی ہیں‏‏، مقدمہ عبد الحق تو اصول حدیث میں حضرت مولانا عبد الحق صاحب دہلویؒ كی   مستقل تصنیف ہے اور یہ داخل نصاب بھی ہے۔

    (3)مدارس میں تفسیر كا مستقل شعبہ قائم ہے‏، جہاں فارغ التحصیل فضلا كو تفصیل سے تفسیر كی تعلیم دی جاتی ہے‏، فراغت سے قبل كی جماعتوں میں ضرورت كے اعتبار تفسیر كا حصہ شامل كیا گیا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند