• متفرقات >> تاریخ و سوانح

    سوال نمبر: 3795

    عنوان:

    حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی لاش مبارک وفات کے بعدکب تک رکھی رہی تھی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو غسل مبارک کس نے دیاتھا؟ کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نمازجنازہ ادا کی گئی تھی؟ نماز جنازہ کس نے پڑھائی تھی؟

    سوال:

    جواب نمبر: 3795

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 256/ ل= 336/ ل

    (۱) دوشنبہ کو دوپہر کے وقت آپ کا وصال ہوا، اور چہارشنبہ کی شب میں آپ دفن ہوئے، جمہور کا یہی قول ہے، بعض کہتے ہیں کہ سہ شنبہ کو مدفون ہوئے۔

    (۲) حضرت علی کرم اللہ وجہہ غسل دے رہے تھے اور حضرت عباس اور ان کے دونوں صاحبزادے فضل اور قثم کروٹیں بدلتے تھے اور اسامہ اور شقران پانی ڈال رہے تھے۔

    (۳) جی ہاں! آپ علیہ السلام کی نماز جنازہ ادا کی گئی تھی، تجہیز و تکفین کے بعد آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا جنازہ مبارک حجرہ شریفہ میں رکھا گیا، پہلے مردوں نے گروہ در گروہ نماز پڑھی پھر عورتوں نے پھر بچوں نے اس نماز میں کوئی امام نہیں ہوا۔

    واللہ تعالیٰ اعلم

    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند