• متفرقات >> تاریخ و سوانح

    سوال نمبر: 36916

    عنوان: کیا آپ خواجہ شمس الدین عظیمی کو جانتے ہیں؟

    سوال: کیا آپ خواجہ شمس الدین عظیمی کو جانتے ہیں؟ یہ کراچی میں ایک صوفی شیخ ہیں۔ ان کے بارے میں لکھا ہوا ہے کہ آپ شیخ الحدیث خلیل احمد سہارنپوری رح کے پوتے ہیں، آپ کے والد کا نام حاجی انیس احمد انصاری اور والدہ کا نام امت رحمان ہے.میں اس بات (یعنی پوتے ہونے والی بات) سے متاثر ہوکر ان کے طریقے پر چلنے لگا اور مراقبہ وغیرہ کرنے لگا۔میں تقریباً ۱۲سال سے زیادہ عرصے کے دوران ان کی کافی ساری کتابیں پڑھیں اور پھر ابھی دو سال پہلے جاکر مرید ہوا۔ شیخ کے مرشد کا نام سید محمّد عظیم المعروف قلندر بابا اولیاء ہے۔ آپ نے ایک نیا روحانی سلسلہ، سلسلہ عظیمیہ شروع کیا۔ اورآپ بابا تاج الدین ناگپوری کے نواسے ہیں اوران سے سلوک طے کیا اور شیخ اہل فیض قلندرعلی سہروردی سے بیعت فرمائی۔ قلندر بابا کی کتاب "لوح وقلم" ہے۔ کہا جاتا ہے کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم سے لکھی ہے،جس میں روح اورقائنات سے پردہ اٹھایا گیا ہے۔ ای میل فتویٰ لینے پر ۱۰۰۰ الفاظ لکھنے کی حد لگائی ہوئی ہے جسکی وجہ سے زیادہ وضاحت لکھنے سے قاصر ہوں، برائے مہربانی بتائیں کہ میں کس طرح آپ کو اس سلسلہ اور شیخ کے متعلق مزید لکھ سکوں۔

    جواب نمبر: 36916

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 344=189-3/1433 نہ ہم خواجہ شمس الدین عظیمی سے واقف ہیں نہ سعید محمد عظیم الدین کو جانتے ہیں اور حضرت مولانا خلیل احمد صاحب مہاجر مدینہ (زادہا اللہ شرف وکرامة) صاحب بذل المجہود رحمہ اللہ تعالیٰ رحمة واسعہ کی اولاد میں حاجی انیس احمد انصاری نام کا کوئی بیٹا نہیں تھا تو خواجہ شمس الدین کا پوتہ نہ ہونا بھی ظاہر ہے، تذکرة الخلیل میں حضرت مولانا عاشق الٰہی صاحب میرٹھی نور اللہ مرقدہ نے بہت تفصیل سے حضرت مولانا خلیل احمد صاحب سہارنپوری رحمہ اللہ تعالیٰ کے حالات قلمبند فرمائے ہیں، منجملہ دیگر حالاتِ رفیعہ کے نکاح واولاد کی بھی تفصیل ہے، تذکرة الخلیل کراچی کے عام بازاری کتب خانوں میں قیمتاً دستیاب ہے، اس کو حاصل کرکے اطمینان سے مطالعہ کریں، لوح وقلم نامی کتاب بھی ہم نے نہیں دیکھی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند