• متفرقات >> تاریخ و سوانح

    سوال نمبر: 31541

    عنوان: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیات مبارکہ میں کتنی مرتبہ عمرہ کیا ہے؟(۲) آپ صلے اللہ علیہ وسلم کی کتنی صاحبزادیاں تھیں اور ان کے نام کیا تھے؟(۳) آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب اس دنیا سے پردہ فرماگئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کس نے غسل دیا؟ وغیرہ

    سوال: مجھے یہ جاننا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیات مبارکہ میں کتنی مرتبہ عمرہ کیا ہے؟(۲) آپ صلے اللہ علیہ وسلم کی کتنی صاحبزادیاں تھیں اور ان کے نام کیا تھے؟(۳) آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب اس دنیا سے پردہ فرماگئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کس نے غسل دیا؟ (۴) آپ صلے اللہ علیہ وسلم کی قبر مبارک کس نے کھودی تھی؟ براہ کرم، اس بارے میں رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 31541

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ل): 719=244-5/1432 حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیات مبارکہ میں کل چار عمرے کیے ہیں، اور یہ تمام کے تمام ذی قعدہ کے مہینے میں کیے، سوائے اس عمرہ کے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حج کے ساتھ کیا ”أَنَّ رَسُولَ اللَّہِ -صلی اللہ علیہ وسلم- اعْتَمَرَ أَرْبَعَ عُمَرٍ کُلُّہُنَّ فِی ذِی الْقَعْدَةِ إِلاَّ الَّتِی مَعَ حَجَّتِہِ عُمْرَةً مِنَ الْحُدَیْبِیَةِ أَوْ زَمَنَ الْحُدَیْبِیَةِ فِی ذِی الْقَعْدَةِ وَعُمْرَةً مِنَ الْعَامِ الْمُقْبِلِ فِی ذِی الْقَعْدَةِ وَعُمْرَةً مِنْ جِعْرَانَةَ حَیْثُ قَسَمَ غَنَائِمَ حُنَیْنٍ فِی ذِی الْقَعْدَةِ وَعُمْرَةً مَعَ حَجَّتِہِ“ (المسلم: ۱/۴۰۹) (۲) حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی چار صاحبزادیاں تھیں، ان کے نام بالترتیب یہ ہیں، ۱- حضرت زینب رضی اللہ عنہا، ۲- حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا ، ۳- حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا، ۴- حضرت فاطمہ الزہراء رضی اللہ عنہا۔ (۳) آپ علیہ السلام کو حضرت علی رضی اللہ عنہ غسل دیتے، حضرت عباس رضی اللہ عنہ اور ان کے دونوں صاحبزادے فضل اور قُثَم کروٹیں بدلتے تھے، اور اسامہ وشقران پانی ڈال رہے تھے۔ (اتحاف: ۱۰/۳۰۴ بحوالہ سیرة المصطفیٰ: ۳/۱۸۶) (۴) قبر کھودنے کے سلسلہ میں صحابہ کے درمیان اختلاف ہوگیا، مہاجرین نے کہا: مکہ کے دستور کے مطابق بغلی قبر کھودی جائے، انصار نے کہا: مدینہ کے طریقے پر لحد تیارکی جائے، ابوعبیدہ رضی اللہ عنہ شق اور ابوطلحہ رضی اللہ عنہ لحد کھودنے میں ماہر تھے، یہ طے پایا کہ دونوں کو بلانے کے لیے آدمی بھیج دیا جائے، جونسا شخص پہلے آجائے وہ اپنا کام کرے۔چنانچہ ابوطلحہ رضی اللہ عنہ پہلے پہنچے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے لحد تیار کی، اور قبر کو کوہان کی شکل پر بنادیا گیا (زرقانی: ۸/۲۸۹، بحوالہ سیرة المصطفیٰ: ۳/۱۸۷)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند