• متفرقات >> تاریخ و سوانح

    سوال نمبر: 176004

    عنوان: نبی محترم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ کی وفات کی صحیح تاریخ کیا ہے ؟

    سوال: کیا 12 ربیع الاول اپ نبی محترم کی وفات کا دن ہے ؟ صیح بخاری کا باب کتاب ایمان کی حدیث نمبر 45 کے مطابق جب اپ پر یہ آیات نازل ہوئی الْیَوْمَ أَکْمَلْتُ لَکُمْ دِینَکُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَیْکُمْ نِعْمَتِی وَرَضِیتُ لَکُمُ الإِسْلامَ دِینًا تو وہ دن یوم عرفہ اور جمعہ کا دن تھا، اور یہ حدیث صیح مسلم کے باب کتاب تفسیر کی حادث نمبر 7525 سے لیکر 7527 تک موجود ہے ، اور اگلے ہی سال 11 ہجری میں آپکی ربیع الاول میں وفات ہوگئی، اور دوسری حدیث کے مطابق بخاری کا باب کتاب اذان کی حدیث نمبر 680 کے مطابق آپ کی وفات پیر کے روز ہوئی، اور یہ حدیث صیح مسلم کے باب کتاب الصَّلَاةِ کی حدیث نمبر 944 میں بھی موجود ہے ، تو عرفہ کے دن جمعہ سے لیکر وفات والے دن یعنی پیر کے روز تک، پیر کے روز 12 ربیع الاول بنتی ہے ؟ میری چھوٹی سی تحقیق کے مطابق 12 ربیع الاول 12 ہجری میں پیر کے روز آیا ہی نہیں ہے ، تو برائے کرم کوئی ایسا حوالہ جس سے وفات کا دن ثابت ہو ؟

    جواب نمبر: 176004

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:406-321/sd=6/1441

    اس پر تو محدثین اور مورخین کا اتفاق ہے کہ آپ کی وفات دوشنبہ کے دن ہوئی ؛ البتہ تاریخ کی تعیین میں شدید اختلاف ہے، حضرت مولانا ادریس صاحب کاندھلوینے سیرة المصطفی( جلد سوم، صفحہ: ۱۷۲) میں وفات کی تاریخ کے سلسلے میں مختلف اقوال بیان فرمائے ہیں اور بارہ ربیع الاول تاریخ وفات پر جو اشکال آپ نے ذکر کیا ہے، وہ معروف و مشہور ہے، اس کی تفصیل جمع الوسائل شرح الشمائل، باب ما جاء فی وفاة رسول اللہ ﷺ میں دیکھی جاسکتی ہے، بہرحال اتنی بات حدیث سے ثابت ہے کہ آپ کی وفات دو شنبہ کے دن ہوئی ، لہذا اسی پر یقین کرنا چاہیے ، باقی تاریخ وفات کے مختلف اقوال میں سے کسی ایک قول کو قطعیت کے ساتھ لکھنا مشکل ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند