• متفرقات >> تاریخ و سوانح

    سوال نمبر: 157824

    عنوان: رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تاریخ وصال کیا ہے؟

    سوال: وفات رسول کی تاریخ اور دن کیا ہے ؟ حوالہ کے ساتھ بتائیں۔

    جواب نمبر: 157824

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:426-367/D=5/1439

    تاریخ وفات کے تعلق سے سیرة المصطفیٰ (ج۳ص۱۷۱) موٴلفہ حضرت مولانا محمد ادریس صاحب کاندھلوی قدس سرہ میں جو بات حوالہ بات تحریر کی گئی ہے اسے بعینہ نقل کیا جاتا ہے:”یہ جاں گداز اور روح فرسا واقعہ جس نے دنیا کو نبوت ورسالت کے فیوض وبرکات اور وحی ربّانی کے انوار وتجلیات سے محروم کردیا بروز دوشنبہ دوپہر کے وقت ۱۲/ ربیع الاول کو پیش آیا“۔

    آگے تحریر کرتے ہیں:”اس میں تو کسی کو اختلاف نہیں کہ آپ کی وفات ماہ ربیع الاول میں بروز دوشنبہ کو ہوئی،اختلاف دو امر میں ہے، ایک یہ کہ کس وقت وفات ہوئی دوسرے اس امر میں کہ ربیع الاول کی کون سی تاریخ تھی۔

    مغازی ابن اسحاق میں ہے کہ چاشت کے وقت آپ کا وصال ہوا، اور مغازی موسی بن عقبہ میں زہری اور عروہ بن زبیر سے مروی ہے کہ زوال کے وقت وصال ہوا، یہی روایت زیادہ صحیح اور یہ اختلاف معمولی اختلاف ہے، چاشت اور زوال میں کچھ زیادہ فصل نہیں۔ البتہ تاریخ وفات میں اختلاف شدید ہے مشہور قول کی بنا پر ۱۲/ ربیع الاول کو وفات ہوئی، موسیٰ بن عقبہ اور لیس بن سعد اور خوارزمی نے یکم ربیع الاول کو تاریخ وفات بتلایا ہے، اور کلبی اور ابومخفف نے دوم ربیع الاول تاریخ وصال قرار دیا ہے، علامہ سہیلی نے روض الانف میں اور حافظ عسقلانی نے شرح بخاری میں اسی قول کو مرجح قرار دیا ہے“۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند