• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 68987

    عنوان: اناج کے کیڑوں کا حکم

    سوال: 1)سوال: آٹا گندم اور دیگر اناج میں اگر کیڑے ،سسری،سنڈی وغیرہ پڑ جائے تو اس کو کھانے کا کیا حکم ہے ؟ 2)اگر کوئی کیڑا کھانے میں پک جائے تو اس کھانے کا کیا حکم ہے ؟ 3)ابلتے پانی میں چیونٹی یا لال بیگ گر جائے تو اس پانی کو استعمال کرنا جائز ہے ؟

    جواب نمبر: 68987

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1103-1144/SN=12/1437 آٹا، گندم یا کسی دوسرے اناج میں اگر صرف کیڑوں کا مادّہ جالے کی طرح پیدا ہوا، ابھی تک جاندار کیڑے نہیں ہوئے تو مع اس جالہ کے آٹا وغیرہ استعمال کرنا شرعاً درست ہے، اگر جاندار کیڑے پیدا ہوگئے تو پھر کیڑوں سمیت آٹا وغیرہ کا استعمال شرعاً جائز نہیں ہے۔ (بہشتی زیور: ۹/۱۰۴، طبی جوہر، ط:اختری) (۲،۳) جن کیڑوں اور حشرات الارض میں بہتا ہوا خون نہیں ہوتا مثلاً چیونٹی، مچھر،چھوٹی چھپکلی ان کے پانی وغیرہ میں گر کر پھول پھٹ جانے سے پانی وغیرہ ناپاک نہیں ہوتا ہے، وضو او رغسل میں اس طرح کے پانی کا استعمال شرعاً جائز ہے؛ لیکن چوں کہ کیڑے مکوڑوں (خواہ ان میں بہتا ہوا خون ہو یا نہ ہو) کاکھانا بہرحال جائز نہیں؛ اس لیے ان کے سالن میں پک جانے کی صورت میں سالن کا کھانا جائز نہ ہوگا، اسی طرح پانی میں پھول پھٹ کر گھل مل جانے کی صورت میں اس پانی کا پینا بھی جائز نہیں ہے۔ وذکر الکرخی عن أصحابنا أنّ کل ما لایفسد الماء لایفسد غیر الماء وہکذا روی ہشام عنہم، وہذا أشبہ بالفقہ، ویستوي الجواب بین المتفسّخ وغیرہ فی طہارة الماء ونجاستہ إلاّ أنہ یکرہ شرب المائع الذي تفسّخ فیہ؛ لأنہ لایخلو عن أجزاء مایحرم أکلہ الخ (بدائع الصنائع: ۱/۲۳۲، ط:زکریا) نیز دیکھیں: بہشتی زیور اختری (۹/۱۰۳ تا ۱۰۵، بہ عنوان: حیوان کا بیان)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند