• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 67455

    عنوان: دو نوکری ایک ساتھ کرنا کیسا ہے؟

    سوال: مسئلہ یہ پتا کرنا ہے کہ پہلے میں ایک نوکری کرتا تھا جس میں تنخواہ کم تھی لیکن ہمارا گذارا اچھا ہو جاتا تھا، پھر مجھے ایک جاننے والے کے ذریعہ ایک انٹرنیشنل اِین جی او (NGO) میں نوکری کا موقع ملا جس میں گھر بیٹھے کام کرنا تھا اور تنخواہ بھی بہت اچھی تھی، میں نے سوچا میں دونوں نوکری کرسکتا ہوں کیونکہ اِین جی او (NGO) والی نوکری میں کوئی دفتر نہیں ہے۔ مختصر یہ کہ میں نے دوسری نوکری بھی شروع کرلی اور اس وقت میں دو نوکری ایک ساتھ کر رہا ہوں لیکن دونوں کمپنیوں کو نہیں پتا کہ میں دوسری نوکری بھی کرتا ہوں۔ پوچھنا یہ ہے کہ کیا میرا اس طرح سے دونوں نوکری متوازی طریقے سے کرنا درست ہے یا نہیں؟ جب کہ دونوں نوکری کے ٹھیکے میں یہ لکھا ہے کہ آپ کسی دوسری جگہ نوکری نہیں کریں گے۔ میں دونوں نوکری کے کام پوری طرح سے کرتا ہوں کسی کام میں کمی نہیں ہوتی، لیکن کبھی کبھا مجھے دونوں نوکریوں کے سلسلے میں کراچی اسلام آباد جانا پڑتا ہے جس میں میں غلط بیانی کرکے ایک نوکری سے چھٹی لیتا ہوں اور دوسرے کی کانفرنس میٹنگ وغیرہ میں حاضر ہوتا ہوں، کیا اس طرح سے حاصل ہونے والی میری آمدنی حلال ہے؟ اس میں جو غلط پہلو ہے اسے بھی واضح کریں اور صحیح پہلو کو بھی واضح کریں۔ اگر میں دونوں نوکریوں میں سے ایک چھوڑتا ہوں تو میرے گھر کا خرچہ پورا نہیں ہوتا کیونکہ پہلے میری بیوی اسکول میں نوکری کرتی تھی لیکن اب اللہ نے ہمیں ایک بیٹے سے نوازا ہے جو کہ صرف دو مہینہ کا ہے تو اب وہ نوکری نہیں کرسکتی۔

    جواب نمبر: 67455

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 841-841/B=11/1437 شریعت کی رُو سے ایک ساتھ دو نوکریاں کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں لیکن کمپنی کے اصول کے مطابق دو نوکریاں ایک ساتھ کرنا جائز نہیں، یہ خلاف قانون ہے بالخصوص اس وقت جبکہ دونوں نوکریوں کے ٹھیکہ میں لکھا ہوا ہے کہ آپ کسی دوسری جگہ نوکری نہیں کریں گے، لہذا اس صراحت کے بعد آپ کو ایک ساتھ دو نوکری نہ کرنی چاہئے خواہ آپ کاگذارا ہو یا نہ ہو، پھر اس میں آپ کو بعض دفعہ غلط بیانی اور جھوٹ سے کام لینا پڑتا ہے، یہ بھی ایک ناجائز عمل ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند