• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 66801

    عنوان: غلط سوفٹ ویر استعمال كرنے والے سے كپڑے كا ڈیزائن بنوانا

    سوال: میں کپڑے کا کاروبار کرتاہوں، ایک ٹیلر ماسٹر کو کپڑا سلائی کے لیے دیتاہوں مقدار، ٹیلر کی بجلی ، اسٹاف ، دھاگا ، سوئی ، سب حلال کی ہے،جائز ہے، لیکن سلائی کی مشین چوری کی ہے، ہم تو اسے پچاس روپئے کے حساب سے پیسے دیتے ہیں، اور اسے سمجھا بھی رکھا ہے کہ وہ جو کررہاہے غلط ہے، یا ہمیں اس سے کام کرانا جائز ہے؟ ہمارے لیے وہ پیس سلواکے بیچنا جائزہے؟ ہماری کمائی میں حلال میں کوئی فرق تو نہیں پڑے گا؟ اصل میں مسئلہ یہ ہے کہ ہم دھاگے کی مشین سے کشیدہ کاری کرواتے ہیں، اس کاریگر کا سب کچھ حلال ہے ، لیکن وہ ڈیژائن مشین میں جو بنتاہے، اس کے لئے پہلے ایک سوفٹ وئیر کے ذریعہ مشین میں ڈیژائن بنانا پڑتاہے ، اس کے بعد وہ مشن اسی ڈیژائن کے طریقے سے کپڑے پہ دھاگے پروتی ہے، اس میں دھاگہ ، مشین ، اسٹاف ، بجلی سب حلال کا ہے، لیکن جو سوفٹ وئیر ہے، جس سے ڈیژائن بنتاہے وہ ڈیڑھ لاکھ کے قریب آتاہے، اور وہ پچاس روپئے میں مسروقہ مل جاتاہے، اور مسروقہ سوفٹ وئیر کا استعمال آج کے حسب میں بہت عام ہے، اب ہمارا اس سے یہ مشین کی کشیدی کاری کا کام کرنا جائز ہے یا نہیں؟

    جواب نمبر: 66801

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1207-1263/H=11/1437 صورتِ مسئولہ میں سوفٹ وئیر کے غلط استعمال کی ذمہ داری خود استعمال کرنے والے پر ہے آپ اس مشین کے ذریعہ جو کچھ اپنا حلال اور جائز کام کرواتے ہیں آپ کے حق میں اس کی گنجائش ہے یعنی تیار شدہ مال کی بیع و شراء سے جو آمدنی ہوگی اس پر حرام ہونے کا حکم لاگو نہ ہوگا البتہ ایسے ٹیلر ماسٹر کے یہاں اگر کام کرائیں کہ جو صحیح سوفٹ وئیر کا استعمال کرتا ہے تو یہ افضل و اعلیٰ بات ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند