• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 605093

    عنوان:

    مدرسے کی رقم رفاہی کام کے لئے بہ طور قرض استعمال کرنا

    سوال:

    سلام مسنون کیا فرماتے ہیں علماء دین وشرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں ہمارے شہر میں ایک مدرسہ ہے کرونا کی وجہ سے مدرسہ تقریباً ایک سال سے بند ہے شہر میں وبا کی وجہ سے ایمبولینس کی سخت ضرورت ہے شہر کی کمیٹی نے یہ طے کیا ہے کہ مدرسہ کی کمیٹی سے دو لاکھ روپے پانچ چھ مہینے کے لئے قرض حسنہ کے طور پر لیا جائے دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا موجودہ حالات میں ضرورت کے پیش نظر مدرسے کی رقم قرض حسنہ کے طور پر لے سکتے ہیں یا مدرسے والے دے سکتے ہیں۔ برائے مہربانی تسلی بخش جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی۔

    جواب نمبر: 605093

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:825-266T/sn=11/1442

     مدارس میں جو رقوم آتی ہیں یہ یالعموم زکات اور دیگر صدقاتِ واجبہ کی ہوتی ہیں،مہتمم کی ذمے داری ہے کہ ان رقومات کو مستحق طلبہ پر تملیکا صرف کرے، اس میں سے رفاہی کام یاکسی اور مقصد سے قرض حسنہ دینا شرعا جائز نہیں ہے ۔شہر کی کمیٹی کو چاہئے کہ باہمی تعاون سے یا متعدد افراد سے کچھ کچھ رقم بہ طور قرض حسنہ حاصل کرکے ضرورت کی تکمیل کرے۔

    ویشترط أن یکون الصرف (تملیکا) لا إباحة کما مرلایصرف إلی بناء نحومسجد إلخ (الدرالمختارمع الشامی3/291،ط: زکریا) ولایجوزأن یبنی بالزکاة المسجد، وکذا القناطروالسقایات، وإصلاح الطرقات، وکری الأنہاروالحج والجہاد وکل ما لا تملیک فیہ.(الفتاوی الہندیة1/ 188، مطبوعة: مکتبة زکریا،دیوبند)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند