• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 604816

    عنوان:

    لطف اندوزی كے لیے ڈریم ایلیون گیم كھیلنا؟

    سوال:

    ایک ایپ ہے جس کا نام ہے ڈریم ایلیون، اس ایپ کے ذریعہ سے تمام کھیلوں ( عالمی کرکٹ، آئی پی ایل، فٹ بال، و دیگر تمام کھیل) میں جوا ( سٹّا ) کھیلا جاتا ہے ، اس ایپ میں جہاں پیسوں کا آپشن رہتا ہے وہیں پر فِری کا بھی آپشن رہتا ہے ، اگر کچھ دوست صرف اور صرف لطف بازی کیلئے اس میں کھیلیں باکل فِری فِری میں، اور جوا سے ان کا کوئی تعلق نہ ہو، تو کیا ان کا کھیلنا جائز ہو سکتا ہے ؟

    جواب نمبر: 604816

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 985-697/D=11/1442

     کھیل میں جُوا سٹّا کھیلنا حرام ہے۔ قرآن پاک میں اس کی حرمت بیان کی گئی ہے۔ اِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَیْسِرُ وَالْاَنْصَابُ وَالْاَزْلَامُ رِجْسٌ مِنْ عَمَلِ الشَّیْطَانِ فَاجْتَنِبُوْہُ۔ کھیل میں ہار جیت پائنٹ کے ذریعہ ہوتی ہو پھر اگر پائنٹ کو سکہ رائج الوقت سے تبدیل کرنے کی کوئی شکل ہوتی ہو تو یہ بھی حرام ہے۔

    جو کھیل ورزش یا اعضاء جسم کی قوت کے لئے ہیں وہ مباح ہیں بشرطیکہ ان کے کھیلنے میں ایسا انہماک اور شغف نہ ہوجائے کہ دین و دنیا کے ضروری کاموں کا نقصان ہو یا نمازیں فوت ہوجائیں۔

    شریعت نے ایسے کھیلوں کو ناجائز قرار دیا ہے جن کی وجہ سے گناہوں کا ارتکاب لازم آتا ہو۔

    پس صورت مسئولہ میں اگر فری آپشن والے کھیل کھیلے جائیں تو بھی ضروری ہے کہ محض وقت گذاری اور تضییع اوقات نہ ہو بلکہ کسی دینی یا دنیوی فائدہ پر مشتمل ہو نیز اس میں ایسا انہماک اور شغف نہ پایا جائے جس سے دین و دنیا کے ضروری کاموں کا نقصان ہو اور نماز فوت ہوجانے کی نوبت آجائے ایسی صورت میں وہ کھیل ناجائز ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند