• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 604337

    عنوان:

    ایپلیکیشن سے پیسے کمانا کیسا ہے؟

    سوال:

    ایک ایپلیکیشن ہے جس پر اکاؤنٹ بنانا پڑتا ہے اور اس پر روز وہ 5 اشتہارات دیتے ہیں جو کہ اسی ایپلیکیشن کو استعمال کرنے پر مبنی ہوتے ہیں۔ بدلے میں وہ ہر اشتہار کے 0.0879 PKR دیتے ہیں۔اگر ہم کسی کو اپنے لنک سے جوائن کرواتے ہیں تو جب وہ بھی اشتہار دیکھتا ہے تو اس کے بھی ہمیں 0.0879 PKR ملتے ہیں اور اشتہار دیکھنے والے کو بھی اتنے ہی ملتے ہیں۔ اگر وہ آگے اپنے لنک سے کسی کو جوائن کرواتا ہے تو اسی طرح کا عمل آگے بھی چلتا ہے۔ تو اس بات کی وضاحت کر دیں کہ کیا یہ اسلام میں حرام ہے یا حلال؟

    جواب نمبر: 604337

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:869-962/L=1/1443

     صورت مسؤلہ میں ایپلیکشن پر اکاؤنٹ بناکر پیسہ کمانے کی جو شکل تحریر کی گئی ہے اس میں مندرجہ ذیل خرابیاں ہیں:

    ۱۔ جوائن کرنے والے نے جتنے لوگوں کو اس ایپ سے جوائن کیا ہے اگر چہ ان پر اس نے محنت کی ہے مگر یہ لوگ جن کو جوائن کریں گے ان پر پہلے شخص کی کوئی محنت نہیں ہوتی حالانکہ ان لوگوں کو جو نفع حاصل ہوگا اس کا کچھ فیصد پہلے شخص کو بھی ملے گا جیسا کہ خود سوال میں اس کی صراحت ہے کی گئی ہے حالانکہ اس میں پہلی مرتبہ جوائن کرنے والے شخص کی محنت کا کوئی دخل نہیں ہوتا ہے بلکہ یہ نفع حاصل کرنا اجرت بلا عمل ہے جوکہ شرعا جائز نہیں۔

    ۲۔ اسی طرح اگر اشتہارات دیکھنے کے لیے پیسے بھرنے پڑتے ہوں تو یہ اصولِ اجارہ کے خلاف ہے ۔

    ۳۔ اگر اشتہارات دیکھنے کی مدت ہو کہ اس مدت میں نہ دیکھنے کی صورت میں آپ کی جمع کردہ رقم ضائع ہوسکتی ہو تو یہ جوا بھی ہے۔

    ۴۔ یہ بھی کو ئی ضروری نہیں کہ اشتہارات حلال امور کے ہی ہوں گے بلکہ اس کا بھی احتمال ہے کہ اشتہارات ذی روح اور عورتوں کی تصاویریا دیگر ناجائز امور کی تشہیر پر مشتمل ہوں بایں وجوہ اس اپیلیکشن پر اکاؤنٹ بناکر نفع کمانے سے احتراز ضروری ہے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند