• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 603171

    عنوان:

    خصی ہونا بڑا گناہ ہے یا زنا و مشت زنی کرنا؟ خصی ہونا کتنا بڑا گناہ ہے ؟

    سوال:

    صاحب میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ کیا خصی ہونے کا گناہ زنا یا مشت زنی سے زیادہ ہے ؟در اصل ایک شخص یہ سمجھتا ہے کہ خصی ہونے کا گناہ صرف ایک مرتبہ ہوگا لیکن اگر خصی نہ ہوا تو زنا یا مشت زنی جیسے گناہ میں بارہا مبتلا ہوگا ایسے شخص کے متعلق کیا حکم ہے حضرت؟ واضح رہے کہ یہ شخص نکاح نہیں کرسکتا کیونکہ اس نے کلما کی قسم کھائی ہوئی ہے جس میں فضولی والی صورت کو بھی شامل کیا تھا کیا ایسے شخص کے لیے خصی ہونے کی اجازت ہے ؟ اگر اجازت نہیں ہے پھر بھی وہ خصی ہوجائے تو کیا حکم ہے ؟ اور ایسا کرنے سے کیا کیا نقصان ہوسکتا ہے ؟

    جواب نمبر: 603171

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:524-411/N=7/1442

     (۱ - ۴): اسلام میں خصی ہونا تو قطعاً حرام وناجائز اور بہت بڑا گناہ ہے اور مشت زنی بھی جائز نہیں اور وہ بھی گناہ کا کام ہے؛ البتہ مشت زنی عام طور پر مرض کی حیثیت اختیار کرلیتا ہے، پھر اس کے عادی کی صحت اور دل ودماغ کو بہت نقصان پہنچتا ہے اور ایسا شخص شادی کے علاوہ دوسرے بہت سے کاموں میں بھی کمزور ہوجاتا ہے اور بعض مرتبہ آدمی صحت سے پریشان ہوکرموت کو زندگی پر ترجیح دیتا ہے؛ اس لیے مشت زنی کی بھی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اور اگر کسی نے کلما والی ایسی قسم کھالی ہے، جو فضولی والی صورت کو بھی شامل ہے اور شدت شہوت کی وجہ سے نکاح کے بغیر مبتلائے معصیت کا اندیشہ ہے تو ایسا شخص نگاہوں کی حفاظت کرے، شہوانی اور ہیجانی چیزیں دیکھنے یا سوچنے سے بھی پرہیز کرے اور روزے کی کثرت کرے، إن شاء اللّٰہ شہوت پر کنٹرول آسان ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند