• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 602699

    عنوان:

    حجام كی دكان میں نماز پڑھنا؟ ڈاڑھی مونڈنے كی آمدنی سے قربانی کرنا ؟

    سوال:

    حجام/حمام کے دکان پرمردحضرات کے بالوں کی سیٹنگ،بالوں کا منڈوانا،داڑھی کی سیٹنگ اور شیو کیا جاتا ہے ،اسی طرح لوگ نہانے کے لیے بھی ٓاتے ہیں جس میں جنبی لوگ بھی ہوتے ہیں- 1.کیا اس دکان میں نماز پڑھی جاسکتی ہے ؟ 2.کیا ان پیسوں سے قربانی کی جاسکتی ہے ؟ 3.کیا ان پیسوں سے زکواة ادا کیا جاسکتا ہے ؟نیز ان پیسوں سے صدقہ خیرات کیا جاسکتا ہے ؟

    جواب نمبر: 602699

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:498-741/N=1/1443

     (۱):اگر حجام کی دکان میں کوئی ایسی پاک صاف جگہ ہو جہاں کسی جاندار کی تصویر وغیرہ نہ ہو تو وہاں نماز پڑھی جاسکتی ہے؛ البتہ اگر حجام نے اپنی ذاتی کمائی سے وہ دکان بنائی ہو اور اس کی اکثر آمدنی ناجائز ہو تو بہتر یہ ہے کہ قریب کی مسجد میں یا گھر جاکر نماز پڑھی جائے۔

    (۲): حجام کی کمائی جائز وناجائز دونوں سے مخلوط ہوتی ہے اور خلط بہ حکم استہلاک ہوتا ہے؛ لہٰذا وہ اپنے مخلوط پیسوں سے قربانی کرسکتا ہے؛ البتہ ناجائز پیسوں سے اپنا ذمہ جلد از جلد فارغ کرنے کی کوشش کرے۔

    (۳): جی ہاں! اگر کل مال سے ذمہ میں واجب پیسہ منہا کرنے کے بعد نصاب کی مقدار باقی رہتی ہے تو زکوة واجب ہوگی اور انہی مخلوط پیسوں سے زکاة ادا کی جائے گی


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند