• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 59398

    عنوان: آن لائن بنکنگ سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی میں نوکری

    سوال: میں امریکہ میں مقیم ہوں اور سافٹ ویئر بناتا ہوں۔ میرا سوال یہ ہے کہ مجھے ایک کمپنی کے اس شعبے میں نوکری مل رہی ہے جو خالص سودی اداروں کے لئے آن لائن بنکنگ کی سہولت مہیا کرتا ہے کمپنی کے اور بھی کام ہیں مگرجس شعبہ میں مجھے نوکری مل رہی ہے وہ صرف یہی کام کرتا ہے . مزید یہ کے یہ سافٹ ویئر عمومی نہیں ہوتے بلکے ان کا استعمال صرف بینک ہی کرسکتے ہیں اس میں سود کا حساب کتاب اور معلومات دکھانا بھی شامل ہوگا. اس صورت میں کیا میرا یہ نوکری حاصل کرنا جائز ہوگا جب کہ میرے پاس دوسرے مواقع بھی موجود ہیں؟ براہ کرم جلد از جلد رہنمائی فرما کیوں کہ مجھے جلدی کمپنی کو جواب دینا ہے ۔

    جواب نمبر: 59398

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 688-684/B=8/1436-U حدیث شریف میں آیا ہے رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے سود کھانے والے پر ، سود کھلانے والے پر، سود کا حساب وکتاب لکھنے والوں پر اور سود کی شہادت دینے والوں پر لعنت فرمائی ہے، جس شعبہ میں آپ نوکری کرنا چاہتے ہیں وہ سودی اداروں کے لیے آن لائن بینکنگ کی سہولت مہیا کرتا ہے، نیز اس میں سود کا حساب وکتاب اور معلومات بھی دکھانا پڑتا ہے، لہٰذا حدیث کی روشنی میں اس کام کا کرنا شرعاً آپ کے لیے جائز نہ ہوگا، آپ کے لیے جب تک دوسرے جائز ذرائع موجود ہیں تو وہی جائز کام کریں، حرام اور سود کی کمائی سے حتی الامکان دور رہیں۔ أحل اللہ البیع وحرم الربوا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند