• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 55038

    عنوان: میرا غیر مسلم دوست ہے جو شیئر مارکیٹ سے پیسہ کماتاہے، اور وہ سارا پیسہ اپنے دوستوں کو کھلانے میں لگا دیتاہے ، میں اس کے ساتھ دو سال سے رہ رہا ہوں، میرے ساتھ وہ بھی انجینئر نگ کی پڑھائی کررہا ہے ۔ جب چالیس دن کے لیے میں تبلیغی جماعت میں گیا تو مجھے پتا چلا کہ حرام کے مال کا ایک لقمہ کھانے سے چالیس دن تک عبادت اور دعا نہیں قبول ہوتی

    سوال: میرا غیر مسلم دوست ہے جو شیئر مارکیٹ سے پیسہ کماتاہے، اور وہ سارا پیسہ اپنے دوستوں کو کھلانے میں لگا دیتاہے ، میں اس کے ساتھ دو سال سے رہ رہا ہوں، میرے ساتھ وہ بھی انجینئر نگ کی پڑھائی کررہا ہے ۔ جب چالیس دن کے لیے میں تبلیغی جماعت میں گیا تو مجھے پتا چلا کہ حرام کے مال کا ایک لقمہ کھانے سے چالیس دن تک عبادت اور دعا نہیں قبول ہوتی، مجھے آپ یہ بتائیں کہ میں نے جو دو سال اس کے ساتھ کھایا ہے، اس کا میں کیا کفارہ ادا کروں؟ اور اب میں نے اس سے صاف منع کردیا ہے کہ میں تیرے ساتھ نہیں کھا سکتا ہوں اور اب میں اس کے ساتھ نہیں کھاتا، آپ مجھے بتائیں کیا میں اس کے ساتھ کھا سکتاہوں؟ اگر وہ ان شرطوں کو پورا کرے جو شیئر خریدنے اور بچنے کے لیے شریعت نے رکھی ہے؟ براہ کرم،جواب دیں۔

    جواب نمبر: 55038

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1363-1373/N=11/1435-U (۱) اس کا کچھ کفارہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں؛ کیوں کہ شیئرز مارکیٹ کی آمدنی غیرمسلم کے حق میں علی الاطلاق جائز ہے اور اس نے اس آمدنی سے آپ کو جو کچھ کھلایا وہ آپ نے حرام نہیں کھایا؛ کیوں کہ کافر راجح قول کے مطابق فروعات کا مکلف نہیں ہوتا؛ اس لیے سود وغیرہ اس کے حق میں حرام نہیں۔ (عزیز الفتاوی ص ۵۹۸، فتاوی دارالعلوم دیوبند: ۱۴: ۴۸۱، ۱۷: ۳۶۶، ۳۶۷، ۳۹۷ وغیرہ)البتہ کسی غیرمسلم کے ساتھ دلی محبت ومودت کا تعلق جائز نہیں، قال اللہ تعالی: لَا یَتَّخِذِ الْمُؤْمِنُوْنَ الْکَافِرِیْنَ اَوْلِیَآءَ مِنْ دُوْنِ الْمُؤْمِنِیْنَ (سورہ ل عمران آیت: ۲۸) (۲) کھاسکتے ہیں، گنجائش ہے اور اگر بچیں تو اچھی بات ہے، البتہ دلی دوستانہ ومراسم سے ضرور پرہیز کریں، صرف ظاہری رکھ رکھاوٴ اور مدارات کا تعلق رکھیں۔ (۳) اس صورت میں تو اس کا پیسہ بالکل پاک وصاف ہوگا اور آپ کے لیے اس کے پیسے سے کھانا جائز ہوگا مگر دلی محبت ومودت سے اس صورت میں بھی پرہیز کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند