• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 42345

    عنوان: جس برش میں خنزیر كے بال استعمال كیے گئے ہوں

    سوال: یہ مسئلہ معلوم کرنا ہے کہ ہم سبھی کے لئے ضروری ہے کہ ہمارے شہرمیں اور رشتہ داروں اور ملنے والوں میں برش کے کارخانے ہیں جو پینٹنگ کا گھروں میں کلر کے کام آتاہے، پہلے اس میں خنزیر کا بال لگتاتھا اسوقت نائلون ساتھ ملا کر استعمال کرتے ہیں جب کہ برش تیار ہوتاہے تو اس میں پکڑنے کے لئے لکڑی یا پلاسٹک کی ڈانڈی ہوتی ہے اسٹیل کا بھی خول ہوتاہے ، چھپڑا وغیرہ استعمال ہوتاہے، کلر بھی استعمال ہوتاہے یعنی اس میں مشکل سامان مل کر برش تیار ہوتاہے ، اس کی آمد حرام ہوئی یا حلال؟کھانا پینا، شادی وغیرہ جائز ہے یا نہیں؟ دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ اب کوئی دوسرا کام بھی ان کا ہوتاہے ، کسی کا بیٹا سعودی میں ہے ، اس مشکل میں کھانے پینے کا لیے حکم کیا ہے اسلام میں؟ شادی وغیرہ کرنے کا یا شادی میں شرکت کرنے کا؟ تفصیل سے بتاکر ہم سبھی مسلمان بھائی کو آگاہ کریں تاکہ مطمئن ہوسکیں۔

    جواب نمبر: 42345

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 260-246/N=3/1434 (۱) خنزیر اپنے تمام اجزا کے ساتھ نجس العین اور حرام ہے اور اس کے کسی بھی جزء کی خرید وفروخت جائز نہیں، اس لیے جس برش میں خنزیر کا بھی بال استعمال ہوتا ہو، اس کی خرید وفروخت نہیں کرسکتے، البتہ حاصل شدہ ساری مدنی حرام نہ ہوگی بلکہ صرف خنزیر کے بالوں کے مقابلہ میں آنے والی آمدنی حرام ہوگی۔ (۲) ایسے برش بنانے اور بیچنے والوں کے یہاں شادی بیاہ کرنا جائز ہے، اور اگر ان کی اکثر آمدنی حلال ہے تو ان کے یہاں کھانا پینا اوران کی شادی بیاہ وغیرہ میں شرکت کرنا بھی جائز ہے، البتہ ناجائز کاروبار کرنے والے چونکہ شرعاً فاسق ہیں اس لیے ان کی دعوت قبول کرنا ضروری نہیں (فتاوی دارالعلوم دیوبند: ۱۶/۴۵، ۵۱) (۳) ان کے یہاں بھی شادی بیاہ کرنا جائز ہے اور اولاد کی کمائی کے ساتھ چونکہ ان کی اکثر آمدنی حلال ہے اس لیے ان کے یہاں کھانے پینے اور ان کی شادی بیاہ وغیرہ میں شرکت کرنے کا وہی حکم ہے جو اوپر نمبر (۲) میں ذکر کیا گیا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند