• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 35767

    عنوان: انٹرنیٹ كے فری سوفٹ ویر

    سوال: میری کمپیوٹر کی دکان ہے ۔ میرا اور دوسرے دکان والوں کا بڑا مسئلہ یہ ہے کہ آج کل ہم جتنے بھی سوفٹ وئیر استعمال کرتے ہیں وہ سب پائریٹ یعنی انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کئے ہوئے ہوتے ہیں جو کہ غیر قانونی ہیں کمپنی کی طرف سے انہیں استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوتی کیوں کہ یہ جو سوفٹ وئیر ہوتے ہیں وہ قانونی ہوتے ہیں جنہیں خریدنا پڑتاہے، جیسے کمپیوٹر کو کھولنے کے لیے جو سوفٹ وئیر استعمال ہوتاہے اسے اگر خریدنا چاہتے ہیں تو اس کی قیمت ہوگی 2050 روپئے ، اور یہ ہمیں انٹرنیٹ سے فری مل جاتاہے اور اسی طرح سے دوسرے سوفٹ وئیر بھی ملتے ہیں۔ اب یہاں سے مسئلہ شروع ہوتاہے کہ جب تک ہم یہ سوفٹ وئیر کمپیوٹر کے ساتھ ڈال کر نہیں دیں گے گاہک اسے لینے کے لیے تیار نہیں ہوتا، یہ تو کمپیوٹر خریدنے کی بات ہوئی۔ اب جو گاہک سوفٹ وئیر ڈالنے کے لئے آتے ہیں ہم اس سے تین سو روپئے ڈالنے کے لئے جو محنت ہم کرتے ہیں اس کے لیتے ہیں، نہ کہ سوفٹ وئیر کے لیتے ہیں تو یہ رقم لینا صحیح ہے یا غلط ؟

    جواب نمبر: 35767

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ب): 219=166-3/1433 جب انٹرنیٹ کی نگراں کمپنی اپنے صارفین کے لیے اس طرح کے پروگرامز مفت مہیا کرتی ہے تو صارفین کے لیے انٹرنیٹ سے مفت حاصل کرنا اور اپنے کمپیوٹر میں استعمال کرنا شرعاً درست ہے، رہے قانونی یا غیرقانونی ہونے کی بات تو اس کے ذمہ دار وہ لوگ ہوں گے جنھوں نے اسے نیٹ پر ڈالا ہے، ہاں اگر انٹرنیٹ پر ڈالنے والے یہ صراحت کردیں کہ ہم نے دھوکہ وغیرہ سے یہ چیزیں حاصل کی ہیں تو شرعاً ان پروگرامز کو نیٹ سے حاصل کرنا اور استعمال کرنا شرعاً جائز نہ ہوگا؛ لیکن بہرحال بچنا بہتر ہے۔ غرض جب استعمال جائز ہوا تو اس کو ڈالنے کی اجرت لینا بھی جائز ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند