• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 3022

    عنوان: کوئی دعا بتائیں جس سے مشت زنی کی عادت چھوٹ جائے

    سوال:

    مجھے مشت زنی کی عادت ہے، براہ مہربانی مجھے کوئی وظیفہ یا دعا بتادیں جس سے میں اس بری عادت کو ہمیشہ کے لیے چھوڑدوں اور یہ عادت ہمیشہ کے لیے چھوٹ جائے اور اس گناہ سے مجھے نفرت ہوجائے۔

    جواب نمبر: 3022

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1086/ ج= 1086/ ج

     

    مشت زنی یہ ایک لعنت ہے اور اس کے نتائج امراضِ جنسیہ میں سب سے زیادہ خطرناک ہیں اور شریعت کی نظر میں یہ انتہائی گھناوٴنا عمل ہے اور قیامت کے دن رسوائی کا باعث ہے۔ ابن جریج فرماتے ہیں کہ میں نے حضرت عطاء سے اس کے متعلق پوچھا تو انھوں نے فرمایا: مکروہ ہے اور میں نے سنا ہے کہ محشر میں کچھ لوگ ایسے آئیں گے جن کے ہاتھ حاملہ ہوں گے۔ میرا گمان ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں جو اپنی شہوت اپنے ہاتھوں سے پوری کرتے ہیں۔ ایک حدیث میں ہے (ملعون من نکح یدہ) جو اپنے ہاتھ سے نکاح کرے وہ ملعون ہے۔ (معارف القرآن، ج:۸، ص:۵۵۸) بہرحال اگر آپ غیرشادی شدہ ہیں تو نکاح کرلیجیے اور اگر شادی شدہ ہونے کے باوجود آپ اس بیماری میں مبتلا ہیں تو اس کا حل یہ ہے کہ آپ سے جب بھی یہ غلطی ہو تو آپ روزہ رکھیں اور کم ازکم دس رکعت نفل پڑھیں نیز جب بھی اس عمل کی خواہش ہو تو عمل سے پہلے ذرا یہ سوچ لیں کہ ہم مسلمان ہیں اور اسلام کی نظر میں یہ انتہائی غلط حرکت ہے اور قیامت کے دن رسوائی کا باعث ہے اس کے علاوہ آپ کسی بزرگ سے رابطہ کرلیں اور یہ عہد کرلیں کہ جھوٹ نہیں بولنا ہے اور جب بھی یہ حرکت ہو ان بزرگ کو بتلادیں۔ ان شاء اللہ آپ کو اس عمل سے فائدہ ہوگا۔ کسی حکیم وغیرہ سے بھی پوچھ لیں۔ اس کا علاج بھی ہوسکتا ہے۔ اللہ سے دعا کیا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند