• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 28803

    عنوان: میں پنجاب نیشنل بینک میں ملازمت کرنا شروع کی تھی، دوسال تک بینک میں کام کرنے کے بعد میں نے وہاں کام کرنا چھوڑ دیا اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ایم بی اے میں داخلہ لیا، واحد مقصد بینک کی سودی ملازمت سے نجات پانا تھا نیز تعلیمی لیاقت کو بڑھانا بھی۔ ایم بی اے پوراکرنے کے بعدمجھے ایک صوبائی فائنانشل کارپوریشن میں ملازمت ملی ،اس میں بھی سودی کاروبار ہوتاہے۔ فی الحال میں ہندوستانی کارپوریشن میں صنعتی سیکٹر کو فائنانس (مالیت) فراہم کرنے کی پوسٹ پر کام کررہا ہوں، اس میں بھی سودی آمدنی ہوتی ہے۔ براہ کرم، اس بارے میں رہنمائی فرمائیں، چونکہ 32/ سال سے میں سودی آمدنی پر جی رہا ہوں، نیز ملازمت کے لئے مزید سات سال باقی ہیں، ملازمت کی کل مدت39/ سال ہے۔

    سوال: میں پنجاب نیشنل بینک میں ملازمت کرنا شروع کی تھی، دوسال تک بینک میں کام کرنے کے بعد میں نے وہاں کام کرنا چھوڑ دیا اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ایم بی اے میں داخلہ لیا، واحد مقصد بینک کی سودی ملازمت سے نجات پانا تھا نیز تعلیمی لیاقت کو بڑھانا بھی۔ ایم بی اے پوراکرنے کے بعدمجھے ایک صوبائی فائنانشل کارپوریشن میں ملازمت ملی ،اس میں بھی سودی کاروبار ہوتاہے۔ فی الحال میں ہندوستانی کارپوریشن میں صنعتی سیکٹر کو فائنانس (مالیت) فراہم کرنے کی پوسٹ پر کام کررہا ہوں، اس میں بھی سودی آمدنی ہوتی ہے۔ براہ کرم، اس بارے میں رہنمائی فرمائیں، چونکہ 32/ سال سے میں سودی آمدنی پر جی رہا ہوں، نیز ملازمت کے لئے مزید سات سال باقی ہیں، ملازمت کی کل مدت39/ سال ہے۔

    جواب نمبر: 28803

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 97=59-2/1432

    سودی لین دین کے معاملہ کی لکھا پڑھی کرنا بھی ان سخت گناہوں میں سے ہے جن پر اللہ کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لعنت بھیجی ہے، لہٰذا کسی مسلمان کو ایسے کام کی ملازمت اختیار کرنا جائز نہیں۔ اگر ناواقفیت یا مجبوری میں ملازمت کرلیا تو علماء نے ہدایت کی ہے کہ فوراً ترک نہ کرے بلکہ جائز ملازمت کی تلاش میں مسلسل لگارہے جب جائز ملازمت مل جائے تو پہلی ملازمت ترک کرکے جائز کو اختیار کرلے۔ سابق ناجائز ملازمت میں اگر صرف سودی لکھا پڑھی کا کام متعلق نہیں تھا بلکہ بعض دوسرے جائز کام بھی متعلق تھے تو تنخواہ پر حرام ہونے کا حکم لاگو نہیں ہوتا۔ آپ نے تحریر کیا ہے کہ بتیس (۳۲) سال سے سودی آمدنی پر جی رہا ہوں، اس کی وضاحت کریں کیا آپ خود سود کا لین دین کررہے ہیں؟ نیز یہ بھی وضاحت کریں کہ آپ کی ذمہ داری ”ہندوستانی کارپوریشن میں صنعتی سیکٹر کو فائنانس فراہم کرنے“ کے سلسلے میں کیا ہے؟ آپ کو کیا کام کرنے پڑتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند