• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 19785

    عنوان:

    شادی کی پارٹیوں میں جس میں میوزک اور ڈانس ہوتا ہے کیا ان پارٹیوں میں کھانا کھانا حلال ہے یا حرام ہے؟ دوسرے اگر کوئی بدعتی شخص ہمارے گھر خاص دنوں میں کچھ خاص کھانا وغیرہ بھیجتا ہے جس کا شریعت میں کوئی ثبوت نہیں ہے تو کیا ہمارے لیے ان کھانوں کاکھانا حلال ہے، اگر حلال نہیں ہے تو کیا یہ حرام، مکروہ تحریمی، یا مکروہ تنزیہی ہے؟

    سوال:

    جواب نمبر: 19785

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 332=273-3/1431

     شادی میں اگر میوزک یا ڈانس کا پہلے سے علم ہو تو وہاں جانا جائز نہیں، اگر پہلے سے پتہ نہ تھا بعد میں وہاں جاکر ڈانس یا میوزک کا علم ہوا، اگر یہ ناچ گانا گھر میں یا ہال میں ہو دسترخوان پر نہ ہو تو آدمی بیٹھ کر کھانا کھاسکتا ہے، بشرطیکہ ڈانس یا میوزک کو روکنے پر قادر نہ ہو۔ اور اگر آدمی مقتدیٰ ہو تو اس کو اٹھ کر جانا واجب ہے، کھانا درست نہیں۔ اور اگر ڈانس یا میوزک دسترخوان پر ہو تو دونوں کے لیے حکم یہ ہے کہ کھانا نہ کھائیں، بلکہ اٹھ کر چلے جائیں: ?کما في الدر المختار: دُعي إلی ولیمة وثمة لعب أو غناء قعد وأکل لو المنکر في المنزل، فلو علی المائدة لا ینبغي أن یقعد أي یجب علیہ، بل یخرج معرضًا؛ لقولہ تعالیٰ: فَلاَ تَعْقُدْ بَعْدَ الذِّکْرٰی مَعَ الْقُوْمِ الظَّالِمِیْنَ? (أنعام، آیت نمبر:۶۸) فإن قدر علی المنع فعل وإلا یقدر صبر إن لم یکن ممن یقتدی بہ فإن کان مقتدی ولم یقدر علی المنع خرج ولم یقعد وإن علم أولاً یحضر أصلاً (در مع الرد: ۹/کتاب الحظر والإباحة، باب الأکل والشرب، ط: زکریا دیوبند)

    (۲) مخصوص طعام مثلاً: کونڈا، صحنک، کھچڑاوغیرہ میں اگر تخصیصِ یوم ہو تو اس سے کھانا حرام نہیں ہوتا، گر اس تخصیص کی وجہ سے معصیت ہوتی ہے، اس کو کھانے میں بدعت کی ترویج لازم آتی ہے، اس لیے اس سے احتیاط کرنی چاہیے۔ (مستفاد از فتاویٰ رشیدیہ: ۱۳۸، باب البدعات، ط: رحیمیہ دیوبند)

    واللہ تعالیٰ اعلم

    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند