• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 176674

    عنوان: ذبح كے بعد مرغی کے گوشت میں جو خون رہ جاتا ہے اس كا كیا حكم ہے؟

    سوال: اکثروبیشتر مرغی کی ران کے اندورنی حصے(ہڈی اور اس سے متصل گوشت) کا رنگ جامنی یا گہرا لال ہوتا ہے جو یقیناً اس بات کی علامت ہوتا ہے کہ مرغی کا خون اس حصہ سے مکمل طورپر نہیں نکلا اور پکانے کے دوران وہ اس ہی حصے میں جذب ہوگیا ہے، ایسی صورت میں اس حصے کا کھانا کیسا ہے؟

    جواب نمبر: 176674

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 591-538/M=06/1441

    جانور ذبح کرتے وقت جو بہتا ہوا خون نکلتا ہے وہ خون ناپاک ہوتا ہے لیکن جانور ذبح ہو جانے کے بعد گوشت کاٹنے اور ہڈی توڑنے کے دوران ران کے اندرونی حصے سے یا دیگر حصے سے جو کچھ معمولی خون نکلتا ہے یا گوشت پر لگا ہوا ہوتا ہے وہ خون دم سائل نہیں اس لئے وہ ناپاک نہیں، لہٰذا شرعی طریقے پر جانور ذبح ہو جانے کے بعد جب دم مسفوح نکل جائے اور گوشت کو دھوئے بغیر پکا لیا جائے تو اس کو کھانے میں حرج نہیں، وہ گوشت و شوربہ پاک ہے تاہم پکانے سے پہلے گوشت کو اچھی طرح دھو لینا چاہئے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند