• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 174612

    عنوان: فلائٹ بکنگ ایجنٹ بننا کیسا ہے؟

    سوال: میں کچھ بزنس شروع کرنا چاہتاہوں جس کے بارے میں آپ سے جانکاری چاہتا ہوں ۔ (۱) منی ٹرانسفر ایجنٹ بننا کیساہے؟جس میں کسٹمر سے اس کا پیسہ ٹرانسفر کرنے میں مجھے تین چار پرسینٹ زیادہ لینا پڑتاہے، اور اس میں سے کچھ پرسینٹ کمپنی کو دینا ہے۔ (۲) فلائٹ بکنگ ایجنٹ بننا کیسا ہے؟جس میں مجھے ٹکٹ پر اضافی نفع کرنے کا اختیار ہے، مثال کے طورپر اگر ایک ٹکٹ دو ہزار روپئے کا ہے تو میں نے اس میں دو سوروپئے بڑھا دیاہے ، اب کسٹمر کو 2200ورپئے دینے ہوں گے اور بل بھی اتنا ہی کا کٹے گا۔ (۳) ریلوے تتکال ٹکت بنانا جس میں ریلوے ریٹ سے تین چار سو روپئے اضافی کمیشن لیتے ہیں اور اس میں کاؤنٹر والے سیٹنگ بھی رہتی ہے، سو دو سو روپئے کاؤنٹر والے کر ٹکٹ بنادیتے ہیں اور پھر لائن میں لگنے والوں کا ٹکٹ بناتے ہیں۔ اس طرح کا کام کرنا کیسا ہے؟

    جواب نمبر: 174612

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:288-298/L=4/1441

    (۱)منی ٹرانسفر کا ایجنٹ بننا اور پیسے ٹرانسفر کرنے پر بطور اجرت کچھ رقم لینا جائزہے۔(مستفاد از امداد الفتاویٰ ۳/۱۴۶)

    (۲)(۳) فلائٹ ٹکٹ کا ایجنٹ بننا اسی طرح ریل کا تتکال ٹکٹ نکالنا اور اس میں ٹکٹ کی متعینہ رقم سے اپنے عمل و محنت کی وجہ سے کچھ رقم بہ طور کمیشن اضافہ کیساتھ لینا جائز ہے؛البتہ ریلوے تتکال ٹکٹ بنانے کی جوصورت مذکور ہے کہ کاؤنٹر والے کو کچھ رقم دے کر لائن میں لگے لوگوں سے پہلے ٹکٹ بنوادیا جاتا ہے یہ رشوت کی شکل ہے اور ممکن ہے کہ یہ قانوناً بھی جرم ہو ؛اس لیے اس طور پر ٹکٹ بنانے سے احترازضروری ہے۔ عن عبد اللہ بن عمرو قال: ”لعن اللہ الراشی والمرتشی“(مشکوة:2/326)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند